حکومت آزادکشمیر نے آٹے کے نرخوں میں فوری طور پر 50روپے فی من کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

بدھ 4 فروری 2015 17:18

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04فروی 2015ء)حکومت آزادکشمیر نے آٹے کے نرخوں میں فوری طور پر 50روپے فی من کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔ وزیراعظم آزادکشمیر کی خصوصی ہدایت پر چیف سیکرٹری آزادکشمیر، سیکرٹری مالیات نے اتفاق کرتے ہوئے 50روپے فی من آٹے کے نرخوں میں کمی کرنے کانوٹیفکیشن آج جاری کردیاجس پر فوری عملدرآمد کرنے کے احکامات بھی جاری کردیئے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری عبدالمجید نے آزادکشمیر کے عوام کو فوری طور پر ریلیف دینے کیلئے محکمہ خوراک کو احکامات دیئے کہ وہ فی الفور آٹے کے نرخوں میں کمی کریں جس پر وزیرخوراک جاوید اقبال بڈھانوی نے محکمہ کے آفیسران سے مشاورت کرنے کے بعد حکومت کو 50روپے فی من کمی کرنے کی سمری ارسال کردی جس پر وزیراعظم آزادکشمیر نے منظوری دیتے ہوئے فی الفور اس کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

(جاری ہے)

آزادکشمیر فلور ملزایسوسی ایشن عوامی ، سیاسی ، سماجی اور سول سوسائٹی نے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید ، وزیرخوراک جاوید اقبال بڈھانوی، چیف سیکرٹری آزادکشمیر ، سیکرٹری مالیات، سیکرٹری خوراک اور ڈائریکٹر جنرل خوراک کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے آزادکشمیر کے عوام کو آٹے کے نرخوں میں ریلیف دیا ۔ انہوں نے کہاکہ کسی طرح حکومت آزادکشمیر میں دوسرے اشیائے خوردونوش کے نرخوں میں بھی کمی کیلئے اپنا کردار ادا کرے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے ۔ دریں اثناء آزادکشمیر کی تاجر برادری نے بھی حکومت کے اس اقدام پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے ایک بڑا ریلیف ہے ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔