اے این پی غیر جماعتی بلدیاتی الیکشن کرانے کی بھرپور مخالفت کرے گی ، میاں افتخار حسین

بدھ 4 فروری 2015 17:29

پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04فروی 2015ء ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے وزیر اعلیٰ پختونخوا پرویز خٹک اور پی ٹی آئی حکومت کی طرف سے اضلاع و تحصیل کی سطح پر جماعتی جبکہ ویلج کونسل اور یو سی میں غیر جماعتی الیکشن کرانے کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ اے این پی اس قسم کی کسی بھی کوشش کی بھر پور مخالفت کرتے ہوئے اس کے خلاف عدالت جائے گی ، اے این پی سیکرٹریٹ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وزیر اعلیٰ اپنی حکومت اور اختیارات سے ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ یہ بات سب پر عیاں ہے کہ وہ غیر جماعتی بنیادوں پر الیکشن کرا کے جیتنے والوں کو اپنے ساتھ ملانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے جوبدترین دھاندلی ہے اور عوامی نیشنل پارٹی دھاندلی کے اس طریقہ کار کی بھرپور مخالفت کرے گی ، میاں افتخار حسین نے واضح الفاظ میں کہا کہ بلدیاتی الیکشن مکمل طور پر سیاسی بنیاوں پر ہونے چاہئیں بصورت دیگر بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کسی بھی فیصلے کو تسلیم نہیں کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اے این پی حکومت کے اس فیصلے کی پرزور مذمت کرتی ہے اور اس کا ہر ممکن راستہ روکا جائے گا۔انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی الیکشن مکمل طور پر سیاسی بنیادوں پر کرائے جائیں ۔