پنجاب سکول ریگولیٹری اتھارٹی پر کام مکمل ہو چکا ،آئندہ تین سے چار ماہ میں قیام عمل میں آ جائیگا‘ وزیر تعلیم

جمعرات 5 فروری 2015 16:03

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05فروی 2015ء) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پنجاب سکول ریگولیٹری اتھارٹی پر کام مکمل ہو چکا ہے اور آئندہ تین سے چار ماہ میں اس اتھارٹی کا قیام عمل میں آ جائے گا ،صوبے میں اب مزید سکول پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی توسط سے کھولے جائیں گے یہ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ موڈ ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سنٹر میں 29ویں سالانہ لاہور انتر نیشنل بک فیئر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

مذکورہ بک فیئر 9 فروری تک جاری رہے گا۔وزیرتعلیم رانا مشہود احمد نے کتاب میلہ کا افتتاح کرنے کے بعد مختلف اداروں کی جانب سے لگائے گئے سٹالوں کا دورہ کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ قومیں ترقی نہیں کر سکتیں جو کتاب سے تعلق منقطع کر لیتی ہیں،اس طرح کے میلوں کا زیادہ سے زیادہ انعقاد ہونا چاہیے اور اس حوالے سے کتاب میلہ کے آرگنائزرز مبارکباد کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلی شہباز شریف کا بھی یہی وژن ہے کہ بچوں کو بہترین تعلیمی سہولیات میسر ہوں، اس حوالے سے 6 ہزار سکولوں میں آئی ٹی لیبز قائم کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے آؤٹ آف سکول بچوں کی کثیر تعداد موجود ہے۔ہماری ترجیح ہے کہ 5 تا 9 سال کے عمر بچوں کو سکول داخل کروائیں اور اسی طرح سکولوں کی کیپسٹی بلڈنگ کی جائے جس کے لئے روڈ میپ بنا کر سکولوں عدم دستیاب سہولیات مہیا کی جارہی ہیں۔

حکومت نے تربیتی اساتذہ پر بھی خاطر خواہ توجہ دی ہے اسی طرح ایک لاکھ10 ہزار ٹیچرز کو میرٹ پر بھرتی کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ صوبے میں اب مزید سکول پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی توسط سے کھولے جائیں گے یہ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ موڈ ہو گاکیونکہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ذریعے تعلیم پر فی طالب علم 5 تا 6 سو روپے خرچ آئے گا۔ان بچوں کو کوالٹی ایجوکیشن بھی ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب سکول ریگولیٹری اتھارٹی پر کام مکمل ہو چکا ہے،اس اتھارٹی کے تحت سکولوں کو کیٹیگری میں تقسیم کیا جائے گا اور اگلے تین چار ماہ میں اس اتھارٹی کا قیام عمل میں آ جائے گا جس سے ان سکولوں کے معاملات زیادہ بہتر انداز میں چلانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ جامعات کے سب کیمپسز کے قیام کے حوالے سے ایس او پیز بنا دئیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :