بیرسٹرسلطان نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کی پیٹھ میں چھراکھونپا ، وہ پارٹی بدلنے کے چمپئن ہیں ،پی ٹی آئی میں جاکر وہ اپناوزن دیکھ لینگے

جمعرات 5 فروری 2015 16:17

میرپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05فروی 2015ء) پیپلزپارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ومشیر وزیراعظم شوکت راجہ ایڈووکیٹ، پیپلزپارٹی کے مرکزی راہنماچوہدری ذوالفقاراعظم، ضلعی صدروایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل چوہدری مشتاق احمد، سٹی صدروایڈمنسٹریٹرمیونسپل کارپوریشن الحاج غلام رسول عوامی، ضلعی سیکرٹری جنرل امتیاز راجہ، سٹی سیکرٹری جنرل چوہدری فرید انورایڈوکیٹ نے کہاہے کہ بیرسٹرسلطان نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کی پیٹھ میں چھراکھونپا ، بیرسٹرسلطان پارٹی بدلنے کے چمپئن ہیں وہ یاد رکھیں چوہدری نورحسین مرحوم کو مشیرحکومت اور بیرسٹرسلطان محمود کووزیراعظم آزادکشمیرپیپلز پارٹی نے بنایاتھا۔

وہ احسان فرموش ہیں جنھوں نے قائد جمہوریت محترمہ بے نظیربھٹوسے بے وفائی کی وہ پی ٹی آئی میں جاکر اپناوزن دیکھ لیں گے۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی سے جو گیا اس کا سیاست کے اندرنام ونشان مٹ گیا۔ان خیالات کااظہارپیپلزپارٹی کے راہنماؤں نے یہاں منعقدہ اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی ضلع اور سٹی میرپورکے عہدیداران وکارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اجلاس میں بیرسٹرسلطان کی پی ٹی آئی میں شمولیت پر کارکنان نے اظہار سکون کرتے ہوئے کہاکہ بیرسٹر سلطان محمود گذشتہ ساڑھے تین سالوں سے پیپلزپارٹی کا نام استعمال کرکے چوہدری عبدالمجید حکومت کے خلاف سازشوں میں مصروف تھے اور آئے روز وہ پیپلزپارٹی حکومت کے خلاف بے بنیاد الزامات لگارہے تھے۔ وہ جماعت میں ایک بڑافتنہ تھے جس سے جماعت اور کارکنوں کو نجات مل گئی ہے ۔

انھوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی وفاؤں کا نام ہے۔ یہاں میرصادق اور میرجعفر کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ بیرسٹرسلطان کا پیپلزپارٹی میں ہمیشہ کردار منفی رہاہے ۔ بیرسٹرسلطان کو پارٹی چھوڑنے کے بعد اپنی حیثیت کا اندازہ ہوجائے گا۔ وہ 12 ممبران اسمبلی سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا دعویٰ کرتے تھے لیکن ان کے ساتھ اپنے گھر کے لوگ بھی نہیں ہیں۔ بیرسٹرسلطان محمود چوہدری کو ضمنی الیکشن میںآ ٹے دال کا بھاؤ یاد کروادیں گے۔

میرپورکے ضمنی الیکشن میں بیرسٹرسلطان کی بری طرح شکست لکھی جاچکی ہے ۔بیرسٹرسلطان محمود اگرپیپلزپارٹی میں نہ ہوتے تو وہ گذشتہ انتخابات میں بری طرح ہارجاتے ۔پارٹی راہنماؤں نے مزید کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی سربراہی میں مضبوط ومستحکم ہے جسے پارلیمانی پارٹی کا بھرپوراعتماد حاصل ہے۔ بیرسٹرکی اچھل کود سے آزادحکومت پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ بیرسٹرسلطان نے گذشتہ ساڑھے تین سالوں میں ہرسازش کرکے دیکھ لی لیکن انھیں ناکامی کے سوا کچھ نہ ملا اب بھی ناکامی ان کا مقدررہے گی۔

متعلقہ عنوان :