بھارت کشمیر میں ظلم و جبر کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کرسکا،ڈاکٹرمزمل اقبال ہاشمی

جمعرات 5 فروری 2015 17:33

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05فروی 2015ء) جماعة الدعوة کے تحت یکجہتی کشمیر کارواں سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے امیر جماعة الدعوة کراچی ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان کا استحکام کشمیر کی آزادی سے منسلک ہے۔ بھارت کشمیر میں ظلم و جبر کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کرسکا۔ اگر اقوام متحدہ مسلم مقبوضہ خطوں پر دہرا معیار برقرار رکھتی ہے تو مسلم ممالک اپنی الگ یونین بنائے۔

دنیا کی کوئی طاقت بھی کشمیری حریت پسندوں کی حمایت ختم نہیں کرسکتی۔ نریندر مودی اجیت دوال جیسے جاسوسوں کو آگے لاکر بھی ناکام رہیں گے۔ کشمیر کی آزادی کشمیریوں کا حق ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ سفاری پارک سے شاہراہ کشمیر تک نکالے گئے کارواں کے ہزاروں شرکاء سے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کے ٹیلیفونک خطاب کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے نہال ہاشمی، جماعت اسلامی کے یونس بارائی، جمعیت علمائے پاکستان کے صدیق راٹھور، عوامی مسلم لیگ کے محفوظ یار خان، تحفظ ختم نبوت کے انوار حسن، جماعت غربا اہلحدیث کے انس مدنی، تحریک آزادی کشمیر کے عاشق حسین، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے محمد رفیق سلفی، جماعة الدعوة کے حافظ محمد امجد و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

یکجہتی کشمیر کارواں میں شامل شرکاء کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی ہٹ دھرمی کے خلاف پورے راستے زبردست نعرے بازی کرتے رہے۔ شرکاء نے پاکستان کے سبز ہلالی اور کلمہ طیبہ والے پرچم تھام رکھے تھے۔ جبکہ ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر بھی اٹھا رکھے تھے، جن پر کشمیریوں سے رشتہ کیا لا الہ الا اللہ، کشمیر کی آزادی تک جنگ رہے گی جنگ رہے گی، اقوام متحدہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر خاموش کیوں؟ جیسے دیگر جملے بھی درج تھے۔

امیر جماعة الدعوة کراچی ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ 5 فروری کا دن پوری قوم سے کشمیر کی جدوجہد آزادی کو تیز کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔ سلامتی کونسل نے ہمیشہ مسلمانوں کے مفادات پر منافقانہ طرز عمل اختیار کیا۔ اگر مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان آزاد ہوسکتے ہیں، تو کشمیر کی آزادی میں کیا چیز مانع ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی تخریبی کاری کو ہوا دے رہا ہے۔

پاکستان اسلام کا قلعہ ہے، اس کی حیثیت تادیر قائم رہے گی۔ ہمارے ایٹمی اثاثے اور میزائل ٹیکنالوجی بھارت کے لیے پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ نریندر مودی کو دہشت قرار دینے والا امریکا اب بھارت کے لیے نرم گوشا رکھتا ہے۔ اگر بھارت خطے میں امن چاہتا ہے تو کشمیریوں کو آزادی دے۔ پاکستانی قوم کل بھی مظلوم کشمیریوں کے ساتھ تھی اب بھی ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

حریت رہنما سید علی گیلانی نے مقبوضہ کشمیر سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔ کشمیری قابض بھارتی افواج کے خلاف 68 برس سے قربانیاں دے رہے ہیں، لیکن وہ اب بھی پرامید ہیں۔ شہداء کے قبرستان بسانے کے باوجود ہمارے حوصلے پست نہیں ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کے وسائل پر زبردستی قبضہ کیا جا رہا ہے۔

ہمیں قید و بند کی صعوبتوں سے گزا جا رہا ہے، بے پناہ مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، لیکن عالمی ضمیر پھر بھی بیدار نہیں ہوتی۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ کشمیری جماعة الدعوة کے مشکور ہیں، جو ہر سطح پر مظلوم کشمیریوں کے لیے آواز بلند کرتی ہے۔ پاکستان اللہ کا انعام ہے، حکمران اور سیاسی و مذہبی جماعتیں اسلام کے نظریہ حیات کو پروان چڑھانے کے لیے کردار ادا کریں۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی نے کہا کہ یوم کشمیر کے دن پاکستانی قوم کا سڑکوں پر نکل آنا اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان نے کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑا۔ دنیا کی نام نہاد بڑی جمہوریت بھارت کشمیریوں کے خون کا پیاسا بن چکا ہے۔ کشمیر ہمارے لیے شہہ رگ کی حیثیت رکھتا ہے، جس کے بغیر ہم زندہ نہیں رہ سکتے۔ کشمیری قوم خود کو تنہا نہ سمجھے پورا پاکستان ان کے ساتھ ہیں۔

جماعت اسلامی کے رہنما یونس بارائی نے کہا کہ 5 فروری عزم کا دن ہے۔ کشمیریوں نے کبھی بھی بھارت کے ساتھ رہنے پر رضامندی ظاہر نہیں کی۔ اہل پاکستان کشمیر کی تحریک آزادی کی مکمل حمایت و تائید کرتے ہیں۔ جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما صدیق راٹھور نے کہا کہ یو این او امریکا کی لونڈی بن چکی ہے۔ اقوام متحدہ کی قرادادوں پر عمل درآمد نہ ہونا شرمناک ہے۔

کشمیر صرف ایک خطہ کا نہیں پورے عالم اسلام کا مسئلہ ہے۔ عوامی مسلم لیگ کے رہنما محفوظ یار خان نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے، ہمارے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ ہم بھارت کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ کشمیر کے مطالبے سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ جماعت غربا اہلحدیث کے رہنما انس مدنی نے کہا کہ کشمیر بھارت کی جاگیر نہیں، ہم سب ایک پرچم تلے آگے بڑھ کر بھارت کو بتا دیں گے کہ کشمیر پاکستان کا حصہ بن کر رہے گا۔

تحریک تحفظ ختم نبوت کے رہنما انوار حسن نے کہا کہ کشمیریوں سے ہمارا رشتہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر استوار ہے۔ دشمن کی منافقانہ پالیسیوں کی وجہ سے وادی کشمیر آج ہم سے جدا ہے۔ ہم ہر سطح پر اہل کشمیر کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رہنما محمد رفیق سلفی نے کہا کہ 68 سال سے بھارتی افواج ہماری ماؤں، بہنوں کی عزتیں تار تار کر رہے ہیں، لیکن اقوام متحدہ نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ تحریک آزادی کشمیر کے رہنما عاشق حسین نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کے درد کو ہم اپنا درد سمجھتے ہیں۔ بھارت جان لے کہ کشمیری کل ان کے ساتھ تھے اور نہ ہی آج ان کے ساتھ ہیں۔ کشمیر پاکستان کا حصہ بن کر رہے گا۔

متعلقہ عنوان :