راولپنڈی، اسلام آباد پولیس کو پہلی مرتبہ موبائل فون کی کالز کا سراغ لگانے کی ٹیکنالوجی فراہم کر دی گئی ،

فوج نے قانون نافد کرنے والے اداروں کے 300 سے زائد اْن اہلکاروں کو تربیت دی ہے ، ذرائع وزارت داخلہ ائیر پورٹ ، غیر ملکی شخصیات کو لیکر وزیر اعظم ہاؤس تک پہنچانے کے دور ان کسی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کی بھی تربیت دی گئی

جمعرات 5 فروری 2015 20:39

راولپنڈی، اسلام آباد پولیس کو پہلی مرتبہ موبائل فون کی کالز کا سراغ ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5فروری2015ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں پولیس کو پہلی مرتبہ موبائل فون کی کالز کا سراغ لگانے کی ٹیکنالوجی فراہم کر دی گئی ۔ بی بی سی نے وزارت داخلہ کے ایک اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ جڑواں شہروں کی پولیس کو اس قسم کے آلات فراہم کیے گئے ہیں۔ اس سے پہلے ایسے تمام آلات فوج کے خفیہ اداروں کے پاس ہوتے تھے۔

اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پاکستانی فوج کے خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے پولیس کو اس ٹیکنالوجی کے استعمال کی تربیت دی ہے اور پولیس کو اس ضمن میں مطلوبہ سازوسامان اور گاڑیاں فراہم کر دی گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ فوج نے قانون نافد کرنے والے اداروں کے 300 سے زائد اْن اہلکاروں کو بھی تربیت دی ہے جو صدر اور وزیر اعظم سمیت بیرون ملک سے پاکستان کے دورے پر آنے والی اہم شخصیات کی سکیورٹی کیلئے لگائے گئے روٹ پر تعینات ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ان اہلکاروں کو تربیت دینے کی منظوری فوجی قیادت نے وزارتِ داخلہ کی درخواست پر دی تھی۔وزارت داخلہ کے اہلکار کے مطابق شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشن اور پشاور میں آرمی پبلک سکول پر حملے کے بعد شدت پسندوں کی جانب سیاہم شخصیات کو نشانہ بنانے کے امکانات میں اضافہ ہوگیا تھا جس کے بعد ان اہلکاروں کو جدید خطوط پر تربیت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

اہلکار کے مطابق پولیس کی سپیشل برانچ کے اہلکاروں کو ایئرپورٹ پر غیر ملکی شخصیات کو طیارے سے لے کر وزیر اعظم ہاوٴس یا ایوان صدر تک پہنچانے کے دوران کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کی تربیت بھی دی گئی ہے۔وزارت داخلہ کے اہلکار کے مطابق ان اہلکاروں کو تربیت دینے والوں میں فضائیہ اور بری فوج کے افسران شامل تھے۔