پرویز مشرف سے ایم کیو ایم کے وفد کی ملاقات ، ملکی مجموعی سیاسی صورتحال و دیگر امور پر گفتگو ،

ایم کیو ایم سندھ میں قائم ہونیوالے نئے سیاسی اتحاد میں شامل ہو کر عوام کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کرے ،پرویز مشرف ، عوام کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کو جاری رکھیں گے، سیاسی اتحاد میں شمولیت کا فیصلہ رابطہ کمیٹی کریگی ،وفد نے آگاہ کردیا

جمعرات 5 فروری 2015 21:14

پرویز مشرف سے ایم کیو ایم کے وفد کی ملاقات ، ملکی مجموعی سیاسی صورتحال ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5فروری2015ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف سے جمعرات کو ان کی رہائش گاہ پر متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے ملاقات کی ۔ایم کیو ایم کے وفد میں رابطہ کمیٹی کے جوائنٹ انچارج ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ،ڈاکٹرفاروق ستار ،سینیٹر بابر غوری ،سینیٹر فروغ نسیم اوردیگربھی شامل تھے ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال ،سندھ کے سیاسی حالات ،امن و امان ،سینیٹ کے انتخابات اور سندھ میں قائم ہونے والے نئے سیاسی اتحاد کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی ۔

اے پی ایم ایل کے ذرائع نے بتایا کہ پرویز مشرف نے ایم کیو ایم کے وفد کو دعوت دی کہ وہ سندھ میں قائم ہونے والے نئے سیاسی اتحاد میں شامل ہو کر عوام کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کریں ۔

(جاری ہے)

سابق صدر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو اس وقت دہشت گرد ی اور انتہا پسندی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے اور اس وقت ان مسائل کو حل کرنے کے لیے حکومت نے سنجیدہ اقدامات نہ کیے تو پھر ملکی مسائل گمبھیر صورت حا ل اختیار کرسکتے ہیں ۔

انہوں نے ملک میں بجلی اور دیگر عوامی مسائل پر حکومتی کارکردگی پر بھی افسوس کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ایک ایسے سیاسی اتحاد کی ضرورت ہے جو ملک کے مسائل کو حل کرنے کے لیے بھرپور جدوجہد کرسکے ۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپور قربانیاں دے رہی ہیں ۔اس وقت ملکی سلامتی کے اداروں کو بھرپور سپورٹ کی ضرورت ہے ۔

کیونکہ یہ جنگ کسی ایک ادارے کی نہیں بلکہ قوم کی جنگ ہے ۔ذرائع کے مطابق پرویز مشرف نے ایم کیو ایم کے وفد کو سندھ میں سیاسی رابطوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے وفد نے الطاف حسین کی جانب سے ان کی خیریت معلوم کی اور ان کا خیرسگالی کا پیغام پہنچایا ۔پرویز مشرف نے الطا ف حسین کی جانب سے ہر مشکل وقت میں ان کی حمایت کرنے پر قائد ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کیا ۔

ایم کیو ایم کے وفد کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم عوام کے مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد کو جاری رکھے گی ۔پرویز مشرف نے ایم کیو ایم کے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کے واقعات پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ان واقعات کی تحقیقات ہونی چاہئیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے وفد نے فی الحال کسی بھی سیاسی اتحاد میں شمولیت کے حوالے سے پرویز مشرف کو کوئی یقین دہانی نہیں کرائی ۔صرف اتنا پیغام دیا ہے کہ رابطہ کمیٹی ملک کے حالات کا جائزہ لے کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی ۔