فیصل آباد :بیوی کو منانے جانے والے شخص کی سسرال میں پٹائی

جمعرات 5 فروری 2015 21:18

فیصل آباد :بیوی کو منانے جانے والے شخص کی سسرال میں پٹائی

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔5فروری۔2015ء)فیصل آباد میں روٹھی بیوی کو منانے میں ناکامی پر شوہر نے مبینہ طور پر بیوی پر ہاتھ اٹھایا تو خاتون کے چیخ پکار سن کر سسرالیوں اور محلہ داروں نے داماد اور اس کے بھائیوں کی خوب درگت بنا دی۔ فیصل آباد کے علاقے اسلام نگر میں زاہد نامی شخص روٹھی ہوئی بیوی کو منانے کے لیے سسرال آیا تو اس کا بیوی سے دوبارہ جھگڑا ہو گیا۔

بیوی کے ساتھ نہ آنے پر زاہد نے اس پر ہاتھ اٹھایا۔

(جاری ہے)

سسرالیوں نے داماد اور اس کے ساتھ آنے والے بھائیوں کو سمجھانے کی کوشش کی مگر وہ اپنی بیوی کو ساتھ لے جانے پر بضد رہا جس پر تلخ کلامی سے بات جھگڑے تک پہنچ گئی۔ چیخ پکار سن کر جمع ہونے والے محلہ داروں نے بیچ بچاؤ کی کوشش کی تو زاہد اور اس کے ساتھیوں کا محلہ داروں سے بھی جھگڑا ہو گیا جس پر محلہ داروں نے سسرالیوں سے مل کر داماد اوراس کے ساتھیوں پر تھپڑوں اور گھونسوں کی برسات کرد ی۔ خوب درگت بنانے کے بعد انہیں پولیس کے حوالے کردیا گیا۔