Live Updates

جعلی جمہوریت اور دھاندلی زدہ الیکشن بے نقاب ہو چکے ،پی ٹی آئی جدوجہد جاری رکھے گی ‘ عبدالعلیم خان ،

کارکنوں کی قربانیوں کو سلام ،عمران خان جلد لاہور کا دورہ کریں گے ‘ صدر تحریک انصاف ضلعی لاہور کا پارٹی ورکرز سے خطاب

جمعہ 6 فروری 2015 20:00

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06فروی 2015ء) تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ جعلی جمہوریت اور دھاندلی زدہ الیکشن کی آڑ میں عوام سے ہونے والی غلط بیانی بے نقاب ہو چکی ،تحریک انصاف کی احتجاجی مہم اور سیاسی جدوجہد جاری رہے گی ،دھرنوں اور احتجاج میں شریک ہونے والے پارٹی کارکنوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں چئیر مین عمران خان خود ان کی حوصلہ افزائی کرنے کیلئے جلد لاہور کا دورہ کرینگے ۔

عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی علامہ اقبال ٹاؤن کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے طول و عرض سے محب و طن اور باشعور رہنما تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں جس کا اظہار آزاد کشمیر میں بھی ہوا ہے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ لاہور شہر میں پارٹی کی مضبوطی کیلئے پارٹی قیادت کی ہدایات کے مطابق اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ،ہم سب کی کاوشوں کا مقصد تبدیلی لانا او ر نئے پاکستان کیلئے جدوجہد کرنا ہے اور زیادہ سے زیادہ کارکنوں کو آگے لانے کیلئے ہر ٹاؤن میں پارٹی کے مختلف شعبوں میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے انہوں نے پی ٹی آئی علامہ اقبال ٹاؤن میں پارٹی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ تنظیمی معاملات کا جائزہ لینے کیلئے خود بھی مختلف یونین کونسلز کادورہ کریں گے ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ چئیر مین عمران خان کے حکم کے مطابق رشید بھٹی کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شعیب صدیقی اورمہر واجد عظیم نے کہا کہ پی ٹی آئی لاہورکی تنظیم ضلعی صدر عبدالعلیم خان کی قیادت میں مکمل طور پر متحد ہے اور انشاء اللہ ہم عمران خان کا لاہور میں شاندار استقبال کریں گے اجلاس میں عظمت کھوکھر ،میاں جاوید علی ،سیکرٹری اطلاعات فرخ جاوید مون ،شیخ عامر، ثانیہ کامران اور انیلہ بیگ بھی شریک تھے ۔

دریں اثناء پی ٹی آئی لاہور کے صدر عبدالعلیم خان سے آئی ایس ایف کے ضلعی صدر گلریز اقبال نے ملاقات کی اور انہیں انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے تنظیمی امور کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نئے طلبا ء کو ممبر شپ دینے کیلئے مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات