آئیسکو کی طرف سے انڈسٹری کیلئے بجلی کی لوڈشیڈنگ کو کم کر کے2گھنٹے روزانہ کرنے کا خیرمقدم کرتے ہیں، مزمل صابری،

اقدام سے صنعتیں اپنی صلاحیت کے مطابق چلنے کے قابل ہونگی ،پیداوار میں اضافہ ہوگا، صدر اسلام آباد چیمبر آئیسکو بجلی سے متعلق بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریگی، ملک یوسف اعوان

جمعہ 6 فروری 2015 23:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06فروی 2015ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے چیمبر کے صدر مزمل حسین صابری کی قیادت میں آئیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ملک یوسف اعوان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور ان کو بزنس کمیونٹی کو درپیش بجلی سے متعلقہ مسائل سے آگاہ کیا۔وفد سے خطاب کرتے ہوئے آئیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ملک یوسف اعوان نے کہا کہ ان کے محکمے نے مقامی صنعتوں کیلئے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 5گھنٹے سے کم کر کے صرف 2گھنٹے روزانہ کر دیا ہے تا کہ صنعتیں بہتر پیداوار دے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اب آئیسکو صنعتوں کیلئے صرف شام 5بجے تا7بجے تک لوڈشیڈنگ کریگی۔ انہوں نے کہا کہ آئیسکو اپنے صارفین کیلئے ایک ایس ایم ایس سروس شروع کرنے پر غور کر رہی ہے تا کہ صارفین موبائل فون کے ذریعے اپنی شکایات درج کرا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئیسکو اے ایم آئی میٹرز متعارف کرانے جا رہی ہے جس آٹومیٹک طریقے سے میٹر ریڈنگ کریں گے اور اس سے نہ صرف میٹر ریڈروں کا کردار ختم ہو جائیگا بلکہ آئیسکو کے سٹاف پر غیر ضروری اخراجات بھی کم ہونگے۔

ملک یوسف اعوان نے کہا کہ آئیسکو ملک کی واحد بجلی تقسیم کرنے والی کمپنی ہے جس کے لائن لاسز سب سے کم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئیسکو لائن لاسز کا بوجھ صارفین کو منتقل نہیں کرتی بلکہ خود برداشت کرتی ہے تا کہ صارفین پر غیر ضروری بوجھ نہ پڑے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئیسکو بجلی سے متعلق بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی تا کہ وہ کاروبار کو آسانی سے فروغ دے کو مقامی معیشت کو مزید مضبوط کر سکیں۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے کہا کہ انڈسٹری کیلئے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کر کے صرف 2گھنٹے روزانہ کرنے کا خیر مقدم کرتے ہیں کیونکہ اس سے صنعتیں اپنی صلاحیت کے مطابق چلنے کے قابل ہوں گی اور صنعتی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئیسکو صنعتوں کیلئے لوڈشیڈنگ کا موجودہ شام5تا7بجے کا ٹائم ٹیبل تبدیل کرے اور رات 6 تا 8بجے تک دوگھنٹے کی لوڈشیڈنگ کرے جس سے صنعتی شعبے کو پیداوار بڑھانے میں کافی سہولت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ آئیسکو کی طرف سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین کو مزید ریلیف دینے کا فیصلہ قابل ستائش ہے کیونکہ اس سے عام آدمی پر بجلی کے بھاری بلوں کا بوجھ کافی کم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی و صنعتی سرگرمیوں کے فروغ میں آئیسکو کا کردار بہت اہم ہے لہذا محکمہ تاجر برادری کے بجلی سے متعلق تمام مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرے جس سے کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آئے گی اور معیشت بحالی کی طرف گامزن ہو گی۔وفد میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد شکیل منیر، طارق صادق، میاں شوکت مسعود، خالد اقبال ملک، اعجاز ابراہیم اور خالد چوہدری شامل تھے۔