سندھ ،پنجاب کے حکمران گنے کے کاشتکاروں کا استحصال کر رہے ہیں،پاکستان عوامی تحریک،

کسانوں سے سرکاری امدادی قیمت پر گنا خریدا جائے، چینی کی قیمت بڑھتی ہے گنے کی کیوں نہیں؟رحیق عباسی

جمعہ 6 فروری 2015 23:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06فروی 2015ء) پاکستان عوامی تحریک نے سندھ میں گنے کے کاشتکاروں کو حکومت کی اعلان کردہ امدادی قیمت نہ ملنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ اور پنجاب کے حکمران کاشتکاروں کے استحصال میں ایک ہیں۔اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے عوامی تحریک اسلام آباد کے رہنماؤں ابراررضاایڈووکیٹ،اجمل چوہدری،اشتیاق میر ایڈووکیٹ سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تحریک سندھ کے رہنما گنے کے کاشتکاروں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر آواز بلند کریں اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ دار اور کارخانہ دار ذہنیت رکھنے والی حکمران کلاس کاشتکاروں کا استحصال کررہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ میں چینی کی قیمت میں 2بار اضافہ ہو چکا ہے مگر گنے کی قیمت نہیں بڑھائی جاتی اوراگر بظاہر اعلان بھی کیا گیا ہے تو وہ کسانوں کو ادا نہیں ہو رہی جو کسان اور ان کے بچوں کے ساتھ زیادتی اور زراعت کو تباہ کرنے کی سازش ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے حکمران بھی کسانوں کا استحصال کرنے میں کسی سے پیچھے نہیں۔کسانوں کے واجب الادا 60ارب روپے دبا کر بیٹھے ہوئے ہیں اور بقایا جات مانگنے والے کاشتکاروں کو ملیں بند کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کاشتکاروں کے ساتھ ہے اور ان کے مطالبات کو درست سمجھتے ہوئے ان کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتی ہے۔