آزادکشمیر ہائیکورٹ نے جناح ماڈل ٹاؤن انکوائری رپورٹ میں نامز د بیوروکریٹس کی سزاؤں میں کمی ،تبدیلی کا فیصلہ منسوخ کرکے تاریخی فیصلہ کیا ،بیرسٹر سلطان چوہدری

ہفتہ 7 فروری 2015 16:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07فروی 2015ء)آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیرکے مرکزی رہنماء بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزادکشمیر ہائیکورٹ نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کی طرف سے جناح ماڈل ٹاؤن میں انکوائری رپورٹ میں نامز د بیوروکریٹس کی سزاؤں میں کمی اور تبدیلی کا فیصلہ منسوخ کرکے نہ صرف ایک تاریخی فیصلہ کیا ہے بلکہ اس فیصلے کو آزاد کشمیر میں گڈ گورننس کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا ہے کیونکہ جب تک سزاء اور جزاء کا نظام نہیں ہو گا اس وقت تک معاشرے میں بہتری نہیں آسکتی۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر جو کہ ان سکینڈلز کے سرغنہ ہیں یہ چاہتے ہیں کہ اس کرپشن میں ملوث جو بھی انکے ساتھی تھے انہیں سزا سے بچایا جائے۔لیکن عوام جانتے ہیں کہ جناح ماڈل ٹاؤن میں وزیر اعظم سمیت وزراء اور چند بیروکریٹس نے غبن کیا تھا اور جناح ماڈل ٹاؤن کا دو ارب روپے منصوبہ رک چکا ہے۔

(جاری ہے)

جسکی براہ راست ذمہ داری وزیر اعظم آزاد کشمیر پر عائد ہوتی ہے۔

لہذا وقت آنے پر صرف بیورو کریٹس ہی نہیں بلکہ اس میں ملوث تمام لوگوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں اپنی رہائشگاہ پر اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اس بات کا عوام کو پتہ لگ جانا چاہیے کہ میں نے پیپلز پارٹی کے ان کرپٹ عناصر سے اسی لئے علیحدگی اختیار کی ہے اور تحریک انصاف کے ساتھ نیا سفر شروع کیا ہے۔

کیونکہ میری تمام تر کوششوں کے باوجود ان کرپٹ عناصر نے اپنی اصلاح احوال نہیں کی اور آزاد کشمیر کے حکمران دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں اور خاص طور پر ایم ڈی اے میرپور کو تو دیوالیہ کرکے رکھ دیا گیا ہے۔ یہ وہ ایم ڈی اے ہے جس سے جب میں وزیر اعظم تھا تو میں اپنے دور حکومت میں چالیس کروڑ ادھار لے کرمیرپور میں گیس کی فراہمی کی تھی۔ جبکہ اب ایم ڈی اے بنک سے ادھار لے کر ملازمین کو تنخواہیں دے رہا ہے اور وہ بھی وقت پر نہیں دی جاتیں۔

ملازمین کی بری حالت ہے ۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں نے حکمرانوں کی اصلاح احوال کی ہر ممکن کوشش کی یہاں تک کہ آصف علی زرداری، فریال تالپور، میاں منظور وٹو، رحمان ملک سمیت کوئی ایسا دروازہ نہیں جو میں نے نہ کھٹکھٹایا ہو۔ لیکن ساڑھے تین سال میں کچھ تو میں منظر عام پر لایا اور کچھ جلدہی منظر عام پر لاؤں گا۔لہذا اسی لئے مجھے تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کرنا پڑا۔

بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اب پی ٹی آئی کو آزاد کشمیر کی سب سے بڑی جماعت بنانا میرا مشن ہے اور اس سلسلے میں ہم تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کے مشن صحت، تعلیم اور اختیارات کی آزاد کشمیر کو منتقلی کو پورا کریں گے۔بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ابھی میں نے میرپور کی نشست سے انتخاب لڑنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ یہ فیصلہ پارٹی قیادت اور حلقے کے عوام سے مشورے کے بعد کیا جائے گا۔تاہم میں نے اخلاقی طور پر اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دیدیا ہے کیونکہ میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر کامیاب ہو ا تھا اور اب میں پی ٹی آئی میں شمولیت کے بعد تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے الیکشن میں حصہ لونگا۔