پیپلزپارٹی کو چھوڑنے والے بڑے بڑے لوگوں کے سیاست میں نام ونشان باقی نہیں رہے ،شوکت راجہ ایڈووکیٹ

ہفتہ 7 فروری 2015 16:42

میرپور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07فروی 2015ء)وزیر اعظم آزادکشمیر کے سیاسی مشیر وپیپلزپارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل شوکت راجہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کو چھوڑنے والے بڑے بڑے لوگوں کے سیاست میں نام ونشان باقی نہیں رہے ۔ کواپرٹیو بینکوں اور ایم ڈی اے میں کرپشن کی ابتداء بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے شروع کی ۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی اچھل کود کی سیاست کو پیپلزپارٹی کوئی اہمیت نہیں دیتی انھوں نے پیپلزپارٹی کا نام استعمال کر کے حکومت اور وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید پر بے جا تنقید کی ۔

ان کا نظریہ پیپلزپارٹی سے کبھی بھی مخلصانہ نہیں رہا انھوں نے ہمیشہ مفادات کی سیاست کی ۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو پارٹی نے دس سال پارٹی کی صدارت دی پانچ سال کے لیے وزیر اعظم منتخب کیا وہ اقتدارکو انجوائے کرنے کے بعد آج جن گمنام راستوں پر چل نکلے ہیں ان کی منزل کوئی نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے کارکن نظریہ بھٹو سے پوری طرح وابستہ ہیں ۔

پیپلز پارٹی ایک جماعت ہی نہیں بلکہ ایک قومی سوچ کا نظریہ ہے جس کی نزدیک اقتدار کبھی مطمع نظر نہیں رہا ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ضلع کونسل ہال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا پریس کانفرنس میں مشیران وزیراعظم چوہدری حق نواز، ذکا اللہ جوشی، پیپلزپارٹی کے سنیئر راہنماؤں و ڈی جی منگلا ڈیم ہاؤسنگ اتھارٹی چوہدری ذوالفقار اعظم ،ضلعی صدر و ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل چوہدری مشتاق احمد،ضلعی جنرل سیکرٹری امتیاز راجہ ایڈووکیٹ ،سٹی صدر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن الحاج غلام رسول عوامی ،سٹی جنرل سیکرٹری چوہدری فرید انور ایڈووکیٹ ،ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر چوہدری سلطان محمود آف سنگھوٹ ، طاہر حمزہ، راجہ افتخار احمد ،راجہ خلیل یوسف ،ریاست تبسم ،پی ایس ایف کے صدر وجیہی جرال ، ناصر جرال ، صغیر جاگل،اللہ دتہ بھولا،راجہ خالق کے علاوہ پارٹی کارکنان و میڈیا کے نمائند گان بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم آزادکشمیر کے سیاسی مشیر وپیپلزپارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل شوکت راجہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ سیاست اور جمہوریت میں جماعتیں بنانا کوئی انوکھی بات نہیں ہے لیکن جن لوگوں نے پی پی میں رہ کر اقتدار انجوائے کیا اور بڑے بڑے عہدے حاصل کیے آج وہ اپنے مفادات کی خاطرچلے گے ہیں ۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی حیات میں بھی بے وفائی کی۔

انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جن لوگوں کو نام اور مقام دیا اور انھوں نے پیپلزپارٹی چھوڑ دی تو ان کا سیاست میں نام ونشان باقی نہیں رہا ۔انھوں نے کہا کہ اقتدا ر کی حوس اور پارٹی سے وفا دو الگ الگ چیزیں ہیں پیپلزپارٹی وفاؤں کا نام ہے جہاں کارکنوں نے چالیس ،چالیس سال پارٹی کے ساتھ نظریہ اور وفاداریاں نبھا رہے ہیں جماعت میں مستقل مزاجی سے ہی عہدے اور مرتبے ملتے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ پارٹی میں بے وفا لوگوں کے لیے نہ تو کل کوئی جگہ تھی اور نہ آئندہ رہے گی وفادار پارٹی کارکنوں کی عزت واحترام کا ہر سطح پر خیال رکھا جائے گا اور انہیں جائز مقام دیا جائے گا۔ ۔فیصلی بٹیروں کا کام ہی ہے کہ جب وہ اپنے مفادات دیکھتے ہیں تو وہ اڑ جاتے ہیں انھوں نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پیپلزپارٹی کی حکومت کے میگا پراجیکٹس کے خلاف بھی بلاوجہ روڑے اٹکاتے رہے اور کرپشن کے بے بنیاد الزام لگاتے رہے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ کرپشن کواپریٹو بینکوں سے شروع ہوئی ہے جس کا احتساب ہوناچائیے انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے بارہا کہا ہے کہ اگر میری اور میری حکومت کے خلاف کرپشن کے ثبوت ہیں تو عدالتیں کھلی ہیں وہ جائیں بے بنیاد پروپگنڈے کے نتائج سب کے سامنے آجائیں گے انھوں نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود کو پیپلزپارٹی نے بہت برداشت کیا ۔

پی ٹی آئی میں جاکر وہ اپنا مقام دیکھ لیں گے انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا کوئی نظریاتی کارکن بیرسٹر سلطان محمود کے ساتھ نہیں گیا بلکہ نظریاتی کارکن پیپلزپارٹی کے جھنڈے میں دفن ہوناپسند کرتے ہیں انھوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی بھرپور حصہ لے گی اور ضمنی الیکشن میں پیپلزپارٹی کا امیدوار ہی کامیاب ہو گا۔