محمد افضل گوروکی برسی، ہڑتال، احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے سرینگر، سوپور، کشمیر کے دیگر علاقوں میں پابندیاں عائد کر دی گئیں

حریت رہنماؤں ، کارکنوں کی بڑی تعداد کو گرفتار، گھروں میں نظر بند کردیا گیا

پیر 9 فروری 2015 16:29

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09فروی 2015ء) مقبوضہ کشمیر میں محمد افضل گورو کی شہادت کی برسی کے موقع پر ہڑتال اوراحتجاجی مظاہروں کوروکنے کیلئے سرینگر ، سوپور اور وادی کشمیر کے دیگر علاقوں میں پابندیاں عائدکردی گئیں ۔ اطلاعات کے مطابق سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس سرینگر امیت کمار نے کہاہے کہ آزادی پسند تنظیموں کی طرف سے افضل گور کی شہادت کی دوسری برسی کے موقع پر ہڑتال کی کال کے پیش نظر سرینگر اور مائسمہ سمیت 5پولیس سٹیشنوں کی حدود میں آنیوالے تمام علاقوں میں پابندیاں عائد کردی ہیں۔

بھارتی پولیس بڑی تعداد میں حریت رہنماؤں اور کارکنوں کو محمد افضل گورو کی شہادت کی برسی کے موقع پر احتجاجی مظاہر کرنے سے روکنے کیلئے گرفتاریا گھروں میں نظربند کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

تمام آزادی پسند گروپوں نے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ پیر کو افضل گورو کی پھانسی اوردلی کی تہاڑ جیل سے ان کی میت کو کشمیریوں کوواپس کرنے کیلئے مکمل ہڑتال کریں۔ بھارت نے محمد افضل گوروکو 9فروری2013کو نئی دلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی پر چڑھا کر انکی میت کو جیل کے احاطے میں ہی دفن کردیا تھا۔

پولیس نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو گرفتار کر کے سرینگر سینٹرل جیل منتقل کردیا ہے جبکہ شوکت احمد بخشی اور نور محمد کلوال سمیت پارٹی کے دیگر 15سینئر اراکین کو بھی حراست میں لے لیا گیاہے۔ اس سے قبل پولیس نے حریت رہنماؤں شبیر احمد شاہ، محمد اشرف صحرائی، ایاز اکبر اور نعیم احمد خان کو گھروں میں اورمختار احمد وازہ کو نظربند کر دیا ۔

متعلقہ عنوان :