شہید محمد افضل گورو اور شہید محمد مقبول بٹ کو سید علی گیلانی کا خراج عقیدت

پیر 9 فروری 2015 16:29

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 09فروی 2015ء) بزرگ حریت رہنماء سید علی گیلانی نے شہید محمد افضل گورو اور شہید محمد مقبول بٹ کو ان کی برسیوں کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے حریت رہنماؤں محمد اشرف صحرائی، شبیر احمد شاہ، ایاز اکبر اور نعیم خان کو گھروں میں نظربند کرنے اور 100کے قریب تحریک حریت کے کارکنوں کو گرفتار کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔

ایک بیان میں سید علی گیلانی نے کہا کہ محمد افضل گورو کو جس طرح سے تہاڑ جیل میں پھانسی دی گئی وہ ہر حیثیت سے ایک سیاسی قتل اور انصاف کا خون کرنے کے مترادف تھا۔ پھانسی سے قبل اہل خانہ کوملنے نہ دینا اور پھانسی کے بعدمیت لواحقین کے حوالے نہ کرنے سے بھارتی عدلیہ پر ایک بڑا سوالیہ نشان لگ گیا ہے اور اس سے بھارت کی بڑی جمہوریہ ہونے کا دعویٰ بھی بے نقاب ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

سید علی گیلانی نے کہا کہ نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور کانگریس افضل گورو کو تختہٴ دارتک پہنچانے میں برابر کے ذمہ دار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نواز سیاستدانوں کا پہلا اور آخری ہدف کُرسی کا حصول ہوتا ہے اور اس کے لیے انہیں خود بھی کسی افضل گورو کو پھانسی پر چڑھانا پڑے تو یہ دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ بے ضمیر لوگ صرف دہلی والوں کی چاکری کرتے ہیں اور وہ انہیں شطرنج کے مہروں کی طرح استعمال کرتے ہیں۔

انہوں نے محمد افضل گورو کی شہادت کے دو سال مکمل ہونے پر قابض انتظامیہ کی طرف سے دعائیہ مجالس پر پابندی عائد کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ہمارے سرفروشوں کو قتل کرتا ہے اورقابض انتظامیہ ہمیں ماتم کرنے کی بھی اجازت نہیں دیتی ہے۔ سید علی گیلانی نے شہید محمد مقبول بٹ اور شہید افضل گورو کی میتیں لواحقین کے حوالے کرنے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ جب تک ان کی میتوں کو تہاڑ جیل سے نکال کر اپنی سرزمین کے سُپرد نہیں کیا جاتا کشمیری انتظار کرتے رہیں گے اور وہ اس مطالبے پر زور دینے کے لیے ہر سال اس دن اپنا احتجاج بلند کرتے رہیں گے۔

انہوں نے 9اور 11/فروری کومقبوضہ علاقے میں دعائیہ مجالس منعقد کرنے کی اپیل دہراتے ہوئے ائمہ مساجدسے اپیل کی کہ وہ شہید رہنماؤں کے لیے ہر نماز کے بعد دُعائے مغفرت مانگیں اور عوام کو ان کی عظیم قربانیوں سے روشناس کرائیں۔سید علی گیلانی نے تحریک حریت کے رہنماؤں محمد یوسف فلاحی، شکیل احمد یتو، غلام محمد تانترے، نذیر احمد ماتو اور بلال احمد روہامہ سمیت تحریک حریت کے سو کے قریب کارکنوں کو گرفتار کرکے تھانوں میں نظربند کرنے کی بھی شدید مذمت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :