پیپلز پارٹی میرپور کے ضمنی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی،چودھری محمد یٰسین

منگل 10 فروری 2015 17:11

کھوئی رٹہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10فروی 2015ء ) آزاد جموں و کشمیر کے سینئر وزیر چودھری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی میرپور کے ضمنی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی اور انشاء اللہ بھاری اکثریت سے فتح حاصل کرنے کے ثابت کریں گے کہ میرپور کے عوام نے بیرسٹر سلطان کو ووٹ بے نظیر کے صدقے دیئے تھے ،پیپلز پارٹی سے غداری کرنے والے سیاسی مسافر بن چکے ہیں ،آزاد کشمیر میں بھٹو ازم کے نظریے کو مضبوط کرنے کیلئے کارکن پرعزم ہیں ،تاریخ ثابت کرے گی کہ 5جماعتیں بدلنے والے کے ہاتھ کچھ بھی باقی نہیں رہا ، آزاد کشمیر کی غیور عوام دھرنا سیاست اور فحاشی کلچر کے بانیوں کی سیاست کو کبھی قبول نہیں کرے گی ۔

آزاد خطہ کی سیاست میں رواداری اور مفاہمت کے کلچر کو پروان چڑھا کر چھلانگیں لگانے والوں کی سیاست کو ہمیشہ کے لئے ختم کر دیں گے ،پیپلز پارٹی عوامی قوت ہے کبھی شخصیات کی محتاج نہیں رہی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں کھوئی رٹہ میں چودھری رمیض جٹ کی دعوت ولیمہ کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن کوٹلی چودھری الیاس ،ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر الطاف گلہاروی ،چودھری آصف کریم ،چودھری افتخار مقدم ،مبین جٹ اور دیگر بھی موجود تھے ۔

سینئر وزیر آزاد کشمیر چودھری محمد یٰسین نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزاد خطہ میں عوامی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی کی بانی ہے ،سابقہ دور حکومت میں پیپلز پارٹی کو اقتدار میں آنے سے روکنے کیلئے آمریت کا سہارا لیا گیا ،گزشتہ الیکشن میں پہلی بار ریاستی عوام کو فری اینڈ فیئر طریقے سے جمہوری انداز میں اپنا ووٹ ڈالنے کا موقع ملا تو تو عوام نے اپنا بھاری مینڈیٹ پیپلز پارٹی کو دیا ،پہلی بار عوام کے ذریعے عوامی حکومت برسر اقتدار آئی ۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کبھی بھی شخصیات کی محتاج نہیں رہی بلکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اپنے کارکنوں کو پہچان اور نام دیا ،اگر کسی کو یہ غلط فہمی ہے کہ پیپلز پارٹی کو گزشتہ الیکشن میں کامیابی اسکی وجہ سے ملی تو یہ خام خیالی اپنے دل سے نکال دے ،اس قسم کے دعوے کرنے والے اپنی نشست پر ہارتے ہارتے بچے تھے ۔میرپور کے ضمنی الیکشن میں میرپور کے عوام پیپلز پارٹی کو دے کر ثابت کریں گے کہ بیرسٹر سلطان کو انتخابات میں ووٹ بے نظیر شہید کے صدقے ملے تھے ،انہوں نے کہا کہ جماعتیں بدلنے سے کسی کا کردار بدل نہیں جاتا عوام سیاسی بہروپیوں کو اچھی طرح جانتے ہیں ،بے نظیر شہیدسے غداری کرنے والے اپنے انجام کو ضرور پہنچیں گے ۔

چودھری محمد یٰسین نے کہا کہ تحریک انصاف نے دھرنا سیاست کے ذریعے پاکستان میں جمہوریت کو نقصان پہنچایا ،آزاد کشمیر کے غیور عوام کو عمران کے جلسے میں ناچنے کی دعوت دینے والا ریاستی عوام کے تشخص اور وقار کو نیلام کرنے سے باز رہے ،آزاد کشمیر کی باغیرت قوم بے حیائی اور فحاشی کلچر کو کبھی قبول نہیں کریں گے ۔چودھری محمد یٰسین نے کہا کہ آزاد حکومت نے اپنے عرصہ اقتدار میں عوامی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی کے ریکارڈ کارنامے انجام دیئے ہیں ،تمام بڑے میگا پراجیکٹس ہمارے دور حکومت میں مکمل ہوئے اور کئی زیر تکمیل ہیں ۔ہمارے سیاسی مخالفین حکومت کے ریکارڈ ترقیاتی کاموں سے خائف ہیں ۔انشاء اللہ آئندہ الیکشن کارکردگی کی بنیاد پر لڑیں گے ۔

متعلقہ عنوان :