100کے قریب ہندو یاتری اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے 16فروری کو کٹاس راج چکوال آئینگے

منگل 10 فروری 2015 17:29

چکوال(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10فروی 2015ء) 100کے قریب ہندو یاتری اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے 16فروری کو کٹاس راج ضلع چکوال آئیں گے۔ اس ضمن میں کٹاس راج میں 30کمروں کا جدید رہائشی سہولتوں سے آراستہ ایک ہوسٹل بھی تعمیر کیا جائے گا۔ جہاں پر ہندو یاتری قیام کر سکیں گے۔ یہ بات چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق نے منگل کے روز اعلیٰ سطح کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔

(جاری ہے)

اجلاس کٹاس راج کے مقام پر منعقد ہوا، جس میں ڈی سی او چکوال آصف بلال لودھی، ڈی پی او ڈاکٹر معین مسعود، اسسٹنٹ کمشنر چوآسیدنشاہ ثمینہ سیف نیازی اور دیگر انتظامی افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی پی او ڈاکٹر معین مسعود نے بتایا کہ ہندو یاتریوں کی آمد پر فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے جائیں گے ، کٹاس راج کے ارد گرد واچ ٹاور بھی لگائے جائیں گے۔

جبکہ ایلیٹ فورس اور کمانڈوز بھی اس موقع پر تعینات کیے جائیں گے۔ ڈی سی او آصف بلال لودھی نے بتایا کہ ہندو یاتریوں کو قیام طعام کے علاوہ انہیں ہر قسم کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ ہندو یاتری اپنے مذہبی تہوار شیو راتری کی رسومات ادا کرنے کیلئے 18فروری تک یہاں قیام کریں گے اور وہ کٹاس کے مقدس تالاب میں اشنان (غسل) کر کے اپنے گناہ دھوئینگے۔