ڈائیوآزاد کشمیرمیں زیادہ سے زیادہ مقامی افراد کو روز گار فراہم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے ،ترجمان

بدھ 11 فروری 2015 16:45

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11فروی 2015ء)ڈائیوکمپنی کے ترجمان نے کہا ہے کہ کمپنی آزاد کشمیرمیں زیادہ سے زیادہ مقامی افراد کو روز گار فراہم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے ۔ کمپنی کے خلاف چند اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس بات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں کہ کمپنی غیر ریاستی باشندوں کو نوکریاں دے رہی ہے ۔

ترجمان نے کہا کہ ڈائیو کے مظفرآباد میں جاری منصوبوں میں اس وقت آزاد کشمیر سے 67.11%، خیبر پختونخوا سے 19.48%جبکہ پاکستان کے دیگر علاقوں سے 13.16فیصد افراد کام کررہے ہیں ۔اسی طرح ترقیاتی کاموں پر بھی کمپنی زیادہ سے زیادہ مقامی کنٹریکٹرز کو ٹھیکے دیتی ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ تعمیراتی میٹریل بھی مقامی کمپنیوں سے خرید کیا جاتاہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ جہاں تک ماحول کی آلودگی کا تعلق ہے تو کمپنی روزانہ کی بنیاد پر تھوری روڈ پر پانی ڈالنے کا اہتمام کرتی ہے تاکہ مقامی آبادی متاثر نہ ہو۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ڈائیو ہر طرح سے مقامی آبادی کو سہولیات فراہم کرنے اور مقامی آبادی کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی ہرممکن کوشش کررہی ہے ۔کمپنی کے خلاف شائع ہونے والی خبروں میں کوئی صداقت نہ ہے چند مفاد پرست عناصر من گھڑت خبریں دے کر کمپنی کی شہرت خراب کرنے کے لیے پروپیگنڈا کررہے ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔