Live Updates

پارٹی کی تنظیم میں یونین کونسل اور ٹاؤن کی سطح پر تبدیلیاں لانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے‘ عبدالعلیم خان،

پارٹی کارکن مقامی سطح پر باہمی اتحاد کا مظاہرہ کریں ،جلد ہر ٹاؤن میں کنونشن منعقد ہونگے ‘ صدر پی ٹی آئی لاہور

بدھ 11 فروری 2015 18:47

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11فروری 2015ء) تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پارٹی کی تنظیم میں یونین کونسل اور ٹاؤن کی سطح پر تبدیلیاں لانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ،پارٹی قیادت سے منظوری کے بعد غیر متحرک عہدیداروں کی جگہ فعال کارکنوں کو آگے لایا جائیگا ۔انہوں نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ مقامی سطح پر باہمی اختلافات دور کر کے صرف اور صرف پارٹی کی مضبوطی کیلئے اتحاد کے ساتھ کام کریں ،پارٹی کے تنظیمی امور کو حتمی شکل دینے کیلئے جلد پی ٹی آئی کی ضلعی قیا دت ہر ٹاؤن میں کنونشن منعقد کریگی ۔

عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی علامہ اقبال ٹاؤن کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی آئین میں مجوزہ ترامیم کے حوالے سے پارٹی عہدیداران کے تحفضات تحریری طور پر مرکزی قیادت تک پہنچا دئیے گئے ہیں جنہیں انشاء اللہ ضرور پیش نظر رکھا جائیگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کے عوا م کو درپیش مسائل کی نشاندہی جاری رکھیں ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے 14اگست کو شروع ہونے والے احتجاج سے نہ صرف عوامی بیداری کی نئی لہر پیدا ہوئی ہے بلکہ پارٹی گراف بھی اوپر گیا ۔اب ہم سب کو نئے عزم اور ولولے کے ساتھ آگے بڑھنا ہے اور عمران خان کے ویژن کے مطابق نئے پاکستان کی تشکیل میں انفرادی اور اجتماعی سطح پر وہ کردار ادا کرنا ہے جس کا حالات تقاضا کر رہے ہیں ۔اس موقع پر علامہ اقبال ٹاؤن کے عہدیداران نے پارٹی امور پر تفصیلی گفتگو کی اور آئیندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ،پی ٹی آئی ضلع لاہور کے سنئیر نائب صدر شعیب صدیقی ،سیکرٹری اطلاعات فرخ جاوید مون اور شیخ عامر نے خصوصی طور پر اجلاس میں شرکت کی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات