اسلامی یونیورسٹی:سعودی سفارتخانے کے وفد کا دورہ اسلامی یونیورسٹی،

سعودی حکومت فیصل مسجد اور اسلامی یونیورسٹی کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی، جاسم الخالدی

بدھ 11 فروری 2015 19:05

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11فروری 2015ء) سعودی سفارتخانے کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے قائمقام سعودی سفیر جاسم الخالدی کی زیر قیادت بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کا دورہ کیا اور ریکٹر صدر جامعہ سمیت یونیورسٹی کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ملاقات کی جس میں سعودی سفیر نے اس عزم کا اظہا کیا کہ حسب سابق سعودی حکومت فیصل مسجد اور اسلامی یونیورسٹی کی ترقی میں اپنا ہر ممکن تعاون فراہم کرتی رہے گی۔

بدھ کے روز سعودی وفد سفیر جاسم الخالدی کی صدارت میں یونیورسٹی پہنچا جہاں ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی اور صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے دیگر افسران کے ہمراہ پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں اطراف سے اس بات پر اتفاق کیا گیاکہ عربی زبان کی ترویج کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا اور سعودی جامعات و جامعہ کے فیکلٹی ممبران کے مربوط تعاون کے ذریعے عربی زبان سیکھنے اور اس کو سہل طریقے سے سیکھنے کی حکمت عملی وضع کی جائے گی۔

(جاری ہے)

سعودی وفد میں جاسم الخالدی کے علاوہ سعودی کلچرل اتاشی ہزالغامدی ،مکتبہ الدعوہ کے سربراہ ڈاکٹر محمد سعدالدوسری ، رابطہ عالم اسلامی کے ڈائریکٹر جنرل عبدہ عتین ، دیگر سعودی سفارتکار ، اسلامی یونیورسٹی کے نائب صدر ہائر سٹڈیز اینڈ ریسرچ ڈاکٹر طاہر منصوری، نائب صدر تدریسی امور ڈاکٹر محمد بشیر خان، جامعہ کے ڈائریکٹر جنرلز ، ڈینز اور ڈائریکٹر بھی اس موقع پر موجود تھے، جاسم الخالدی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد جامعہ اور سعودی حکومت کے مابین استوار مضبوط تعلقات کو مزید وسعت دینا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اسلامی یونیورسٹی پوری امت مسلمہ کے لیے اہم درسگاہ ہے جہاں درجنوں اسلامی ممالک کے طلباء و طالبات اعلیٰ معیاری تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ان کی حکومت تما م ترقیاتی و تدریسی منصوبوں میں جامعہ کو بھر پور تعاون فراہم کرے گی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر ہزالغامدی نے کہا کہ انہیں اس جامعہ میں استاد رہنے کا اعزاز حاصل ہے اور سعودی سفارتخانہ تمام تر ثقافتی سرگرمیوں کے سلسلے میں اسلامی یونیورسٹی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔

دوران ملاقات ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی نے کہاکہ پاکستانی عوام اور سعودی عوام کے مابین محبت اور دوستی کا بھرپور رشتہ قائم ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت اور اسلامی یونیورسٹی کے تعلقات مثالی اور جداگانہ ہیں، انہوں نے کہاکہ اسلامی یونیورسٹی سعودی جامعات کے ساتھ وفود کے تبادلوں اور مربوط تعاون کے ذریعے مشترکہ پروگراموں کا انعقاد چاہتی ہے کیونکہ دونوں طرف کے تجربات سے باہمی استفادہ کے ذریعے علم و تحقیق کو فروغ دیا جا سکتا ہے ۔

ڈاکٹر الدریویش نے اپنے خطاب میں کہاکہ حالیہ دورہ سعودی وفد اسلامی یونیورسٹی اور سعودی حکومت کے درمیان قائم محبت و اخوت کی قائم فضاء کی ایک عمدہ مثال ہے، انہوں نے وفد کو اسلامی یونیورسٹی کے مستقبل کے منصوبوں اور سرگرمیوں بارے تفصیلاً آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی امن و اعتدال کی ترویج اور نوجوانوں کے اذہان تک اسلام کادرست پیغام پہنچانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔

اس موقع پر ڈاکٹر طاہر منصوری ، ڈاکٹر بشیر خان، اور دیگر عہدیداروں نے بھی اظہار خیال کیا اور حالیہ ملاقات کو ایک تعمیری عمل قرار دیا جو مستقبل میں عربی زبان کی ترویج اور تحقیقی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ بعدازاں ڈاکٹر جاسم الخالدی ، ڈاکٹر سعد الدوسری اور عبدہ عتین کو جامعہ کی یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئیں جبکہ وفد نے یونیورسٹی کی جامع مسجد کا بھی دورہ کیا