ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ کی سوانح عمری "A Limitless Pakistani" کی تعارفی تقریب

جمعرات 12 فروری 2015 17:11

کراچی،اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12فروی 2015ء )وزیراعظم کے سابق مشیر اور بیگ گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ کی سوانح عمری "A Limitless Pakistani" کی تعارفی تقریب گزشتہ روز اسلام آباد میں منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان تھے۔ اسلام آباد کلب میں منعقدہ اس پروقار تقریب سے وفاقی وزیر سیفرون لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ، وزیر مملکت برائے پرائیوٹائزیشن محمد زبیر، مسلم لیگ (ن) کے رہنما لیفٹیننٹ جنرل عبدالقیوم، اسلام آباد ڈپلومیٹک کور کے ڈین روڈولوفو جے مارٹن ساراویا، مراکش کے اعزازی قونصل جنرل اشتیاق بیگ، FPCCI کے نائب صدر میاں اکرم فرید، کومروس کے اعزازی قونصل عبدالرؤف عالم اور اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر ظفر بختاوری نے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اختیار بیگ کی بحیثیت صنعتکار، سفارتکار، سیاستدان، کالم نگار، معاشی کتابوں کے مصنف کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور انہیں ہر شعبے میں کامیاب قرار دیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ، جاپان، پولینڈ، یمن، مراکش، بحرین کے سفیروں، سینئر بیورو کریٹس اور صنعتکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ نے اپنی تقریر میں کہا کہ ان کی کتاب کا نام "A Limitless Pakistani" ان کی وطن سے محبت اور ملک پر ان کے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے قارئین کو اپنی عملی سفر میں محنت اور جدوجہد سے حاصل کامیابیوں کے بارے میں بتایا اور کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں سیلف میڈ ہوں۔ انہوں نے پاکستان کے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ ترقی حاصل کرنے کیلئے اپنے ملک اور اس کے پوٹینشل پر بھروسہ رکھیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل "A Limitless Pakistani" کی رونمائی محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کراچی میں کی تھی۔