جموں و کشمیر کونسل کے تعمیراتی فنڈز سے شروع ہونے والے تعمیراتی منصوبوں کی کڑی جانچ پڑتال ہو گی ،سردار محمد یعقوب خان

جمعرات 12 فروری 2015 20:48

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12فروری 2015ء ) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کونسل کے تعمیراتی فنڈز سے پونچھ کے حلقہ 3اور 4 خصوصاً اور پورے آزاد کشمیر میں بالعموم شروع ہونے والے تعمیراتی منصوبوں کی کڑی جانچ پڑتال ہو گی ۔ جن یونین کونسلوں اور علاقوں میں منصوبے دئیے گئے ہیں وہاں کے مقامی کارکن کمیٹیاں بنا کر منصوبوں کی نگرانی کریں اور ہر قسم کی کمی کوتاہی کی نشاندہی کی جائے ۔

منصوبے ہر صورت مکمل کئے جائیں جہاں منصوبہ ادھورا ، نا مکمل ، غیر معیاری اور عوام علاقہ کے اطمینان کے مطابق نہیں ہو گا وہاں کارکنوں کی کمیٹی سے پوچھ گچھ ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں حلقہ 4پونچھ سے پاکستان پیپلز پارٹی کے عہدیداروں ، اور سر گرم کارکنوں کے ایک بھر پور اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ہر یونین کونسل اور وارڈ کی سطح کی نمائندگی موجود تھی۔

اس موقعہ پر رکن اسمبلی بیگم شمشاد عزیز ، چئیرمین زکوٰة ضلع پونچھ سردار زاہد شریف ، صدارتی مشیر سردار فاروق ، سردار خالد اشرف ، اور صدرآزاد کشمیر کے پولیٹکل سیکرٹری عمران ظریف، شوکت محمود ، پرویز یعقوب ، زاہد یوسف ، سجاد ، سردار صادق ، مسرت شاہ ، تصدق خان ، آفاق ، شیخ خالد ، قارض خان، طاہر امیر ، سجاد خان ، طاہر ، الیاس چغتائی ، اخلاق خان ، نثار خان ، آفتاب ، عابد ذاکر ، فاروق ، آصف اور دیگر بھی موجود تھے ۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ میں نے اس سال حلقہ چار میں مختلف منصوبوں کے لیے تقریباً ایک کروڑ روپے دئیے ہیں ۔ امید کرتا ہوں کہ اس بھاری رقم کا درست استعمال ہو گا اور عوامی اہمیت کے حامل منصوبے مکمل ہونے سے غریب لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ میں نے ہمیشہ غریب عوام کی خدمت کو اپنا نصب العین سمجھا ہے ترقیاتی فنڈز عوام کی امانت ہیں ان کا درست استعمال ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

صدر سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ گزشتہ 68برسوں میں اگر فنڈز کا ٹھیک استعمال کیا جاتا تو آج آزاد کشمیر جنت کا نمونہ پیش کرتا ۔ اس موقعہ پر کارکنوں نے فردًا فردًا اپنے مسائل سے صدر آزاد کشمیر کی ولولہ انگیز قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ہم صدر ریاست کے سپاہی کے طور پر کام کرتے ہوئے تعمیر و ترقی کے حوالے سے ان کے ویژن پر عملدرآمد کے لیے کوشاں رہیں گے۔
؂

متعلقہ عنوان :