حکومت زراعت کے فروغ اور کاشتکاروں کو جدید طریقہ کاشت کی تمام سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے ، چودھری افضل حسین تارڑ

جمعرات 12 فروری 2015 21:07

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 12فروری 2015ء) سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری چودھری افضل حسین تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت زراعت کے فروغ اور کاشتکاروں کو جدید طریقہ کاشت کی تمام سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے ،زراعت کی ترقی در حقیقت قومی ترقی ہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے حکومت پنجاب کی جانب سے کاشتکاروں کو دالوں کی کاشت کیلئے ڈرل مشینوں کی بذریعہ قرعہ اندازی سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر نعمان حفیظ، ڈی او سی شاہد اسماعیل، ای ڈی او زراعت چودھری منظور حسین ناز، ملک پھول احمد اعوان، ڈی او زراعت مہر رب نواز سمیت معززین کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی او زراعت (توسیع) حافظ آباد مہر رب نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت نے دالوں کی پیداوار میں اضافہ کے لیے مختلف منصوبے شروع کیے ہیں۔

اسی سلسلہ میں کسانوں کو لائنوں میں دالوں کی کاشت کے لیے ڈرل 50 فیصد رعایت پر مہیا کی جارہی ہے۔ تقریب کے آخر میں مہمانِ خصوصی اور ضلعی کمیٹی کی موجودگی میں شفاف قرعہ اندازی کا انعقاد کیا گیا جس میں تحصیل حافظ آباد کی 26 اور تحصیل پنڈی بھٹیاں کی 32 درخواستوں میں ہر تحصیل کے لیے ایک ایک خوش نصیب کا قرعہ اندازی کے ذریعے انتخاب کیا گیا۔