میرپور، پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے، بنیاد مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی، امتیاز حسین راجہ ایڈووکیٹ

جمعہ 13 فروری 2015 17:12

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13فروی 2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر ضلع میرپور کے جنرل سیکرٹری امتیاز حسین راجہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی وفاق کی علامت ہے جس نے پاکستان کے چاروں صوبوں اور آزادکشمیر گلگت بلتستان کو ایک تسبیح میں پرو کر متحد کر رکھا ہے پیپلزپارٹی کے علاوہ اس وقت پاکستان میں تمام سیاسی جماعتیں علاقائی لسانی اور صوبائی ہیں ۔

صرف پیپلزپارٹی ہی ملک گیر ،طاقتور سیاسی جماعت ہے سیکرٹری جنرل نامزد ہونے کے بعد امتیاز حسین راجہ ایڈووکیٹ نے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ایک استقبالیہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی گئی ہے انہوں نے کہا کہ 15مارچ کے میرپور کے ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی اپنے انتخابی نشان تیر پر الیکشن لڑ کر کامیابی حاصل کرے گی اور آئے روز وفاداریاں اور پارٹیاں تبدیل کرنے والوں کو نشان عبرت بنا کر دم لیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرپور کے با شعور عوام جان چکے ہیں کہ ان کا حقیقی نمائندہ کون ہو سکتا ہے اس لیے اب کی بار میرپور کے عوام نے میرپور کے مسائل کے حل کے لیے حقیقی قیادت کے انتخاب کا فیصلہ کر لیا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے ورکر ،چوہدری عبدالمجید کی قیادت میں متحد ہیں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے آزادکشمیر میں تین میڈیکل کالجز ،آئی ٹی یونیورسٹیاں بنا کر نوجوان نسل کا مستقبل تابناک بنا دیا ہے منگلا تا دہان گلی دو رویہ سڑک میرپور اور ڈڈیال کے عوام کو خوشحالی اور ترقی کے راستے پر گامزن کر دے گی ۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی بہت جلد تحصیل ،یونین کونسلز اور پولنگ اسٹیشن تک تنظیم سازی مکمل کر لے گی جس میں پارٹی کے وفادار ،محنتی سیاسی ویژن رکھنے والے اشخاص کو عہدے دیئے جائیں گے ۔