پشاور‘ خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام چھٹی سالانہ ہیلتھ ریسرچ کانفرنس27فروری سے شروع ہو گی

جمعہ 13 فروری 2015 23:49

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13فروری 2015ء )خیبرمیڈیکل یونیورسٹی(کے ایم یو) پشاور کے زیر اہتمام چھٹی سالانہ ہیلتھ ریسرچ کانفرنس27فروری تا یکم مارچ حیات آباد فیز 5میں یونیورسٹی کی نو تعمیر شدہ عمار ت میں ہوگی۔ پری کانفرنس ریسرچ ورکشاپس کے علاوہ پلینری سیشنز، اورل پریزنٹیشن اورکوئیز مقابلوں پر مشتمل ہوگی جس میں ملک بھر کے طبی ماہرین تعلیم اورریسرچرز کے علاوہ صوبے کے تمام میڈیکل ، ڈینٹل اورا لائیڈ ہیلتھ سائنسز کی فیکلٹی اور طلباء وطالبات بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔

کانفرنس کے شرکاء کو5.5سے لیکر7تک کریڈٹ آورزدینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ گزشتہ روز یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد حفیظ اللہ کی زیر صدارت تمام شعبوں کے سربراہان کے اجلاس میں کیاگیا جس میں بیسک میڈیکل سائنسز، پبلک ہیلتھ، پیرامیڈیکل سائنسز، نرسنگ، فزیو تھراپی، میڈیکل سائنسز، ڈینٹل سائنسز، اکیڈیمکس،ڈائریکٹریٹ آف ریسرچ، امتحانات، فنانس، آئی ٹی،کوالٹی انہانسمنٹ سیل،میڈیکل ایجوکیشن، لائبریری، پروکیورمنٹ اورمیڈیا اینڈپروٹوکول کے شعبوں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پروفیسر حفیظ اللہ نے ڈائریکٹریٹ آف ریسرچ کے زیر انتظام چھٹی سالانہ ہیلتھ ریسرچ کانفرنس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے مذکورہ کانفرنس کے معیار کو انتظامات اور تحقیق ہر دوحوالوں سے مثالی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے زیر اہتمام چھٹی ہیلتھ ریسرچ کانفرنس کے انعقاد سے جہاں طبی ماہرین اور محققین کو اپنی تحقیق پیش کرنے کا پلیٹ فارم دستیاب ہو گا وہاں اس کانفرنس سے طلباء وطالبات اور نوجوان محققین کو طبی تحقیق کے مختلف پہلوؤں کو سمجھنے میں بھی مدد ملے گی۔

قبل ازیں کانفرنس کے کنونیئر ڈپٹی ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹر ذیشان کبریا نے شرکاء کو کانفرنس کے اغراض ومقاصد ، ورکشاپس اورمختلف سیشنز کی تفصیلات اور انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں مذکورہ کانفرنس کے شرکاء کو مختلف سیشنزمیں شرکت پر5.5 سے7تک کریڈٹ آورز پر مشتمل سرٹیفیکیٹ جاری کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔