اوپن یونیورسٹی نے قیدیوں اور معذور افراد کیلئے بالکل مفت تعلیم کا آغاز کیا ہے ، سرکاری یا غیر سرکاری کم اجرت لینے والے ملازمین کے بچوں کو اقساط کی صورت میں فیس کی ادائیگی کی سہولت دی گئی ہے، ڈاکٹر عارف سلیم عارف

ہفتہ 14 فروری 2015 14:25

گوجرہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14فروی 2015ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل ڈائریکٹر ٹوبہ ٹیک سنگھ ڈاکٹر عارف سلیم عارف نے کہا ہے کہ یونیورسٹی سماجی اور اقتصادی ترقی کے لئے کوشاں ایک قومی ادارہ ہے۔جو کہ فاصلاتی نظامِ تعلیم کے فروغ میں دنیابھر میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی میں نئے داخلہ جات بارے آگہی مہم کے سلسلہ میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ ڈگری کالج گوجرہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر عارف سلیم عارف نے کہا کہ یونیورسٹی نے قیدیوں اور معذور افراد کیلئے بالکل مفت تعلیم کا آغاز کیا ہے جبکہ سرکاری یا غیر سرکاری کم اجرت لینے والے ملازمین کے بچوں کو اقساط کی صورت میں فیس کی ادائیگی کی سہولت دی گئی ہے رواں سمسٹر میں یونیورسٹی نے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں خواتین کیلئے خصوصی طور پر 50 ہزار روپے،یتیم و شہداء کے بچوں کیلئے بھی 50 ہزار روپے جبکہ دیگر ضرورت مند اور مستحق طلباء و طالبات کو دو لاکھ روپے فیس میں رعائیت دینے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کے تحصیل کوارڈینیٹر پروفیسر محمد صدیق نے اپنے خطاب میں بتایا کہ ضلع ہذا کے 13 ہزار سے زیادہ طلباء و طالبات بنیادی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں جن کی راہنمائی کیلئے 780 ماہرین ِ تعلیم بطورِ جزوقتی ٹیوٹر اور4 تحصیل کوارڈینیٹرزخدمات سر انجام سے رہے ہیں۔یونیورسٹی میں نئے داخلہ جات بارے آگہی مہم بارے ضلع بھر کے اہم تعلیمی اداروں میں لیکچر پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :