سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ اگلے سال 3ارب روپے کردینگے‘ حمزہ شہباز شریف،پنجاب یوتھ فیسٹیول میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کا اعتراف عالمی سطح پر کیا گیا ہے، سپورٹس کی مزید سہولتیں فراہم کرینگے، 5باکسرز کو میکسیکو میں تربیت دلائینگے،دھرتی کے دشمنوں سے خون کا بدلہ ضرور لیں گے، دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، چنیوٹ کے ذخائر سے ملک کی قسمت بدل جائیگی،یوتھ فیسٹیول 2015میں 35ممالک کے16سو اتھلیٹ حصہ لیں گے‘صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خاں کا پنجاب یوتھ فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب

اتوار 15 فروری 2015 20:12

سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ اگلے سال 3ارب روپے کردینگے‘ حمزہ شہباز شریف،پنجاب ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15فروری۔2015ء) مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شباز شریف نے کہا ہے کہ سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ اگلے سال ایک ارب سے بڑھا کر3 ارب روپے کر دیں گے تاکہ نوجوانوں کو سپورٹس کی مزید بہتر سہولتیں میسر ہوں، دہشت گردی کیخلاف جنگ باتوں سے نہیں جیتی جا سکتی، اس کیلئے میدان عمل میں آنا ہوگا، دھرتی کے دشمنوں سے خون کا بدلہ ضرور لیں گے، نوجوانوں آگے بڑھیں اور ملک کا نام دنیا میں روشن کریں، پنجاب یوتھ فیسٹیول میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کا اعتراف عالمی سطح پر کیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمراء کلچرل کمپلیکس میں پنجاب یوتھ فیسٹیول2014ء کی تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خاں، ورلڈ باکسنگ کونسل کے صدر ماریکو سلیمان، نائب صدر البرٹو گوئررا، چیف ہائی کمشن باکسنگ میکسیکو جون کارلوس سانچیز پلائیو، ارکان اسمبلی تحیہ نون، میاں نصیر احمد، سنیئر صحافیوں عمر مجیب شامی، لطیف چودھری، احمد ولید، ایثار رانا، نجم ولی خان، شہباز میاں، جواد فیضی، اسد کھرل، بابر ڈوگر،صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، جنرل سیکرٹری لاہور پریس کلب، افضال طالب،خزانچی شاداب ریاض، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور اور دیگر اہم شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ قومیں ترقی کرتی ہیں جو اپنا ماضی نہیں بھلاتیں، ہمیں اپنے ماضی کو سامنے رکھتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا، پشاور میں سکول کے بچوں کو نشانہ بنا کر دہشت گردوں نے پوری قوم کو للکارا ہے، ہم قائداعظم محمد علی جناح سے وعدہ کرتے ہیں کہ دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو ورلڈ باکسنگ کونسل کی رکنیت ملنا خوش آئند ہے، 5باکسرز کو پیرس اور میکسیکو میں تربیت دلائیں گے اور وہ چیمپئن بن کر وطن واپس لوٹیں گے۔

نوجوانوں کو مکمل وسائل فراہم کریں گے وہ آگے بڑھیں اور ملک کا نام دنیا بھر میں روشن کریں، حمزہ شہباز شریف نے اعلان کیا کہ سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ اگلے سال ایک ارب سے بڑھا کر تین ارب روپے کر دیں گے تاکہ نوجوانوں کو سپورٹس کی مزید سہولتیں میسر ہوں، قوم کو اندھیروں سے نکالنے کیلئے چین کے صدر چند ہفتوں میں پاکستان کا دورہ کریں گے اور 12ہزار میگا واٹ بجلی کے منصوبوں کا افتتاح کریں گے، ایل این جی بھی ملک میں لا رہے ہیں جس سے لوڈشیڈنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی، چنیوٹ میں دریافت ہونیوالے معدنی ذخائر کا ذکر کرتے ہوئے حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ چین اور جرمن کے ٹاپ کے ماہرین نے بتایا ہے کہ یہ ذخائر کئی میلوں تک محیط ہیں، ان ذخائر سے پاکستان کی قسمت بدل جائے گی، عرب ممالک تیل کے باعث ترقی کر رہے ہیں اور ہم انشاء اللہ سونے، تابنے اور لوہے کے ان ذخائر سے ترقی کریں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل رانا رانا مشہود احمد خاں نے اعلان کیا کہ یوتھ فیسٹیول 2015ء میں 35 ممالک کے 16سو اتھلیٹ حصہ لیں گے، پنجاب یوتھ فیسٹیول میں 40لاکھ افراد کی شرکت کے باعث فیسٹیول کو دنیا کا سب سے بڑا فیسٹیول قرار دیا گیا ہے،جس پر پاکستان کے بچے اور بچیاں خراج تحسین کے مستحق ہیں، نوجوانوں نے چُھولو آسماں کے سلوگن کے تحت آسماں کو چھو کر ثابت کردیا ہے کہ اگر پلیٹ فارم مہیا کیا جائے تو وہ دنیا کا کوئی بھی ریکارڈ توڑ سکتے ہیں، پنجاب یوتھ فیسٹیول کی خوشبو دنیا بھر میں پھیلنا شروع ہوگئی ہے، انہوں نے کہا کہ ورلڈ باکسنگ کونسل سے نوجوانوں کو تربیت دلانے کا معاہدہ نوجوانوں کیلئے 2015ء کا تحفہ ہے، نیت صاف ہو تو اللہ تعالیٰ راستے سیدھے کر دیتا ہے،پنجاب یوتھ فیسٹیول میں میرٹ کو اولیت دی گئی جس کی وجہ سے ہمیں کامیابی نصیب ہوئی،پوری قوم وزیراعظم نوازشریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی قیادت میں کسی کو ملک کے امن پر ڈاکہ نہیں مارنے دے گی، پوری قوم اپنے رہنماؤں کی قیادت میں متحد ہے اور دہشت گردی کا خاتمہ کرکے رہیں گے۔

تقریب میں قومی کرکٹ سٹار سعید اجمل، قومی کبڈی ٹیم کے کپتان شفیق چشتی نے بھی شرکت کی،تقریب میں طلبہ و طالبات نے علاقائی رقص، ایروبکس اور جمناسٹک کا شاندار مظاہرہ کیا، اس کے علاوہ آرمی پبلک سکول میں دہشت گردی کے واقعہ پر ٹیبلو پیش کیا جسے حاضرین نے خوب سراہاتقریب کے آخر میں ورلڈ باکسنگ کونسل کے صدر ماریکو سلیمان نے پاکستان کی رکنیت کا سرٹیفکیٹ اور ڈبلیو بی سی کی بیلٹ ایم این اے حمزہ شہباز شریف کو پیش کی۔

صوبائی وزیر کھیل رانا مشہوداحمد خان اور ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے پنجاب یوتھ فیسٹیول میں کامیاب ہونیوالے کھلاڑیوں میں میڈلز، ٹرافیاں، سووینئر، سرٹیفکیٹس اور کیش انعامات دیئے۔ گلوکار جواد احمد نے ملی نغمے سنائے۔ تقریب میں آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔