Live Updates

حکومت کے خلاف جارحانہ بیانات عمران خان کی دم توڑتی سیاست کا آخری سہارا ہیں،علی اکبر گجر

پیر 16 فروری 2015 16:50

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16فروی 2015ء) حکمران پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے خلاف جارحانہ بیانات عمران خان کی دم توڑتی سیاست کا آخری سہارا ہیں․تحریک انصاف کی صفوں میں بیزاری اور قیادت پر عدم اعتماد بڑھ رہا ہے․ تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی اپنی قیادت کے بچگانہ فیصلوں سے تنگ آ چکے ہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت انتخابی بے قاعدگیوں کو منظم دھاندلی ثابت کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اسی لئے وہ نہ خیبر پختونخوا کی حکومت چھوڑنا چاہتے ہیں اور نہ ہی قومی اور صوبائی اسمبلیوں سے مستعفی ہونے ہونے کے معاملے میں سنجیدہ ہیں جس الیکشن کمیشن اور انتخابی عمل پر اظہار عدم اطمینا ن کرچکے ہیں اسی الیکشن کمیشن کی نگرانی میں سینیٹ ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے انتخابات میں حصہ لینے کے لئے جوڑ توڑ کر رہے ہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی وفاقی حکومت کے کلاف تمام دھرنے ، جلوس اور ریلیاں ناکام ہو چکی ہیں تحریک انصاف کے اندر خوفناک سیاسی طوفان کسی بھی وقت منظر عام پر آنے والا ہے اسی لئے عمران خان اپنی جماعت کو ٹوٹ پھوٹ سے بچانے کے لئے کبھی اپنی پارٹی کے اراکین کو سینیٹ کی نشستوں کا اور کبھی گلگت بلتستان و کشمیر میں انتخابات کا جھانسہ دے کر سیاسی ساکھ بچانے کی کوششیں کر رہے ہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی طرف جوڈیشنل کمیشن کی تشکیل کا عندیہ موصوف کے دھرنے اور مارچ سے پہلے ہی دیا جا چکا تھا جبکہ تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے آغاز سے ایک روز پیشتر جوڈ یشل کمیشن کی تشکیل کے لئے وفاقی حکومت کی درخواست عدالت عظمی تک پہنچ چکی تھی․ مسلم لیگ(ن) سندھ کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا کہ اب تک ہونے والی تحقیقات میں کہیں کوئی منظم دھاندلی کا ثبوت سامنے نہیں آیا جبکہ انتخابی بے قاعدگیوں کے عمل میں خود تحریک انصاف بھی حصہ دار ثابت ہوئی ہے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) عوام کے ساتھ کئے گئے تمام وعدوں کی تکمیل کی طرف انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ پیش قدمی کر رہی ہے․ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف قوم کی معاشی ترقی اور ملکی اقتصادیات میں بہتری کے ساتھ ساتھ لوڈ شیڈنگ اور امن و امان کے سنگین مسائل کو برق رفتاری کے ساتھ حل کرنے کے لئے کوشاں ہیں اور انشا اللہ بہت جلد پاکستان کو ماضی کے نا اہل اور کرپٹ حکمرانوں کی باقیات اور ان کے پیدا کردہ مسائل سے مکمل نجات مل جائے گی․ مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے تحریک انصاف کی قیادت کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے غیر سیاسی ، غیر جمہوری فیصلوں پر رجوع کریں اور اپنے ووٹر کو سزا دینے کی بجائے ان کے مسائل کے حل کے لئے اسمبلیوں میں واپس آکر اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کریں․ ان کی پارٹی کی طرح ان کے ووٹرز بھی عمران خان کو ووٹ دیکر پچھتاوے کا شکار ہیں اس لئے تحر یک انصاف اپنے منتخب اراکین اور ووٹرز میں پائی جانے والی بے چینی اور عدم اعتماد کے خاتمے کے لئے بچگانہ سیاسی روئیے ترک کرے اور 2018 کے انتخابات کی تیاری بہتر انداز سے کرے ․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت اپنی آئینی مدت مکمل کر کے ایک بار پھر عوام کے سامنے سرخرو ہو کر اعتماد کاووٹ حاصل کر کے یہ ثابت کرے گی کیونکہ پاکستان کے عوام مستقبل میں بھی صرف پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکمرانی دیکھنے کے خواہشمند ہیں․

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :