متاثرین سستا عمرہ پیکج نمرہ ٹریول ایکشن کمیٹی کا ایک خصوصی اجلاس زیر صدارت پیر حافظ محمد اشرف نقشبندی منعقد ہوا

منگل 17 فروری 2015 17:47

ہیڈمرالہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17فروری 2015ء)متاثرین سستا عمرہ پیکج نمرہ ٹریول ایکشن کمیٹی کا ایک خصوصی اجلاس زیر صدارت پیر حافظ محمد اشرف نقشبندی منعقد ہوا۔جس میں حکومتی اقدامات کو سراہا گیااور اس موقع پر متاثرین نے حکومت وقت سے پرزور مطالبہ کیا کہ نمرہ ٹریول ایجنٹ محمد اکرم مغل کوجلد از جلد گرفتارکرکے ہمیں رقوم کی واپسی کے بجائے عمرہ شریف کا پیکج دیا جائے۔

اجلاس سے خطاب میں پروفیسر محمد رفیق نے کہا کہ عمرہ شریف کے نام پر غریب عوام سے رقم بٹورنے والا ملزم محمد اکرم مغل نے جہاں ہزاروں لوگوں کو عمرہ کی سعادت سے محروم کیا ہے وہاں اس نے اپنی دنیا کے ساتھ ساتھ آخرت بھی خراب کرلی ہے۔ملک تاج دین نے کہا کہ ہم انتہائی شکر گزار ہیں حلقہ کے رکن قومی اسمبلی،وفاقی وزیر دفاع ،پانی و بجلی خواجہ محمد آصف اور مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب ایم پی اے محمد منشاء اللہ بٹ کے کہ جن کی ذاتی کاوشوں کی وجہ سے ایف آئی اے حکام نے ملزم کی گرفتاری کیلئے مثبت پیش رفت کی ہے ۔

(جاری ہے)

علامہ غلام غوث نقشبندی نے کہا کہ خادم اعلیٰ پنجاب جہاں عوام کی فلاح وبہبود پر اربوں روپے خرچ کررہے ہیں ہم متاثرین بھی آپ کے ہی صوبہ سے ہیں آپ ہماری مناسب مدد فرمائیں اور ہمیں عمرہ کی سعادت سے محروم ہونے سے بچائیں۔اجلاس سے محمد مشتاق،ملک ممتاز ،ماسٹر فریاد حسین ،حاجی محمد انور ،ماسٹر زاہد ودیگر نے بھی خطاب کیا۔