شعبہ ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن نے جامعہ کراچی کے سال برائے2015ء کے سالانہ کھیلوں کے گرلز ٹیبل ٹینس ایونٹ کی ٹرافی پر قبضہ جمالیا

منگل 17 فروری 2015 22:52

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17فروری 2015ء) شعبہ ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن نے جامعہ کراچی کے سال برائے2015ء کے سالانہ کھیلوں کے گرلز ٹیبل ٹینس ایونٹ کی ٹرافی پر قبضہ جمالیا، فائنل میں شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کو باآسانی اسٹریٹ سیٹس میں2-0 سے شکست دیکر ٹائٹل کا حصول ممکن بنایا، گرلز بیڈمنٹن کے مقابلوں میں شعبہ انگریزی اور اسلامک لرننگ نے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے، ان مقابلوں میں آج گرلزوالی بال اور تائیکوانڈو کے مقابلوں کا آغاز ہوگا، مردوں میں کرکٹ کا ایونٹ سیمی فائنل مرحلے میں داخل ہوگیا۔

جامعہ کراچی کے سال برائے2015ء کے سالانہ شعبہ جاتی کھیلوں کے پہلے دن گرلز میں دو اور مردوں میں ایک ایونٹ کے مقابلوں کا آغازہوا گرلز ٹیبل ٹینس ایک ہی دن میں اختتام پذیر ہوگیا جہاں فتح شعبہ ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن کا مقدر بنی فاتح ٹیم نے شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کی ٹیم کو بیسٹ آف تھری کے معارکے میں2-0 سے شکست دیدی، فاتح ٹیم کی طیبہ نے پہلے سنگلزمیں حریف ٹیم کی عتیقہ کو باآسانی11-7 اور11-6 سے شکست دی، دوسرے سنگلز میں بھی فاتح ٹیم کی فرح نے حریف ٹیم کی ہرا کو11-9 اور11-7 سے زیرکرکے اپنی ٹیم کو چیمپئن بننے کا اعزاز دلادیا، ایونٹ میں لائبریری سائنس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

فاتح ٹیم نے سیمی فائنل میں فارمیسی اور پبلک ایڈمنسٹریشن نے لائبریری سائنس کو شکست دیکر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی ٹیبل ٹینس کے مقابلوں میں27 شعبوں کی ٹیموں نے حصہ لیا تھا ان مقابلوں کا افتتاح ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن جامعہ کراچی مسز انجم عزیز نے آغازکیا تھا۔ دوسری جانب جمنازیم ہال میں منعقد ہونیوالے گرلز بیڈمنٹن کے مقابلے فائنل مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں،30 شعبوں کے ٹیموں نے ایونٹ میں حصہ لیا، کراچی یونیورسٹی کی ڈپٹی ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن عابدہ شاہین نے آرگنائزنگ سیکریٹری کے فرائض انجام دیئے، شعبہ انگریزی اور اسلامک لرننگ نے فائنل میں جگہ بنالی، شعبہ انگریزی نے پہلے سیمی فائنل میں پولیٹکل سائنس کو اسٹریٹ سیٹس میں2-0 سے شکست دی انکی جانب سے حبہ نے حریف ٹیم کی ہادیہ کو 21-10 سے اور ڈبلز میں فاتح ٹیم کی حبہ اور عمارا نے شکست خوردہ ٹیم کی مدیحہ اور ہادیہ کو21-4 سے شکست دیکرٹیم کو فائنل میں پہنچادیا۔

دوسرے سیمی فائنل میں اسلامک لرننگ نے ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن کو2-0 سے قابو کرلیا، فاتح ٹیم کی عمیمہ نے امبر کو21-16 سے اور ڈبلز میں اسراء اور روشین نے حریف ٹیم کی امبر اور ثمینہ کو21-10 سے ہرادیا۔ ان مقابلوں کا آغازپروفیسر ڈاکٹر نصرت ادریس نے کیا تھا فائنل آج دس بجے کھیلا جائیگا۔ مردوں کا کرکٹ ایونٹ سیمی فائنل مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، کرکٹ کے مقابلوں کاآغاز کراچی یونیورسٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن محمد اکبر خان نے کیا کرکٹ میں یونیورسٹی کے34 شعبہ جات نے حصہ لیا پہلے دن گروپ (اے) کے مقابلے ہوئے جہاں شعبہ ہیلتھ اینڈ فزیکل ایجوکیشن نے پبلک ایڈمنسٹریشن اور میرین سائنس نے لائبریری سائنس کو شکست دیکر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی، آج گروپ(بی) کے مقابلے ہونگے۔

متعلقہ عنوان :