وزیر اعظم کی جانب سے سانحہ بلدیہ کی ر ی انوسٹی گیشن کی بات کرنا تحقیقاتی اداروں پر سوالیہ نشان ہے جو انتہائی تشویشناک ہے ،علی زیدی

بدھ 18 فروری 2015 17:29

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18فروی 2015ء)پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر علی زیدی نے گزشتہ روز آرمی چیف کی جانب سے کراچی میں امن و امان کی صورتحال پرپولیس محکمے کو غیر جانبداراور غیر سیاسی کرنے کی ہدایت کو خوش آئند قرار دیا اور پولیس کی جانب سے سانحہ بلدیہ کے گواہوں کی فہرست بدلنے پر پبلک پراسیکیوٹر کا مستعفی ہونے پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا ۔

تحریک انصاف گزشتہ کئی عرصے سے پولیس میں سیاسی بھرتیوں اور سیاسی سرپرستی کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتی رہی جبکہ پولیس محکمے میں سیاسی پرستی کو کراچی میں امن و امان کی بد ترین صورتحال کی ذمہ دار قرار دیتی رہی ہے ۔یہ باتیں انہوں نے میڈیا سیل کراچی سے جاری اپنے ایک بیان میں کہیں ۔ علی زیدی نے مزید کہا کہ شہر کراچی کے امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے ذمہ دار دراصل حکومت سندھ کے منتخب وزراء ہیں جنہوں نے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اہلیان کراچی کو دہشت گردوں اور سیاسی جماعتوں کے مسلح ونگز کے سپردکر کے اہلیان کراچی کو دہشت گردوں کی آگ میں دھکیل دیا ہے ۔

(جاری ہے)

علی زیدی نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں پراظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کو دہشت گردوں اور سیاسی جماعتوں میں قائم مسلح ونگز سے پاک کرنے ، پولیس محکمے کو غیر سیاسی کرنے اور کراچی میں امن و امان کے قیام کے لیے جو فیصلے کیے گئے ہیں اُن پر سنجیدگی سے عملدرآمد کروا کر ہی شہر کراچی کے امن و امان کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔

انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے سانحہ بلدیہ کی ری انوسٹی گیشن کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم غیر جانبدار رہ کر جے آئی ٹی رپورٹ پر سنجیدگی سے عملدرآمد کراوائیں جو کہ پاکستان کے معتبر ترین اداروں نے مرتب کی ہے ، وزیر اعظم کی جانب سے ر ی انوسٹی گیشن کی بات کرنا تحقیقاتی اداروں پر سوالیہ نشان ہے جو کہ انتہائی تشویشناک ہے ۔ وزیر اعظم نواز شریف ملک کی بقاء و سلامتی سے کھیلنے اور اپنی سیاست کو تقویت بخشنے کے بجائے ملک کی 18کروڑ عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے ایپکس میں ہونے والے فیصلوں اور جے آئی ٹی رپورٹ پر فی الفور عملدرآمد کراوائیں ۔