وفاقی حکومت کی جانب سے پنجاب کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کیلئے روزانہ چار گھنٹے گیس بحال کر دی گئی

بدھ 18 فروری 2015 23:22

وفاقی حکومت کی جانب سے پنجاب کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کیلئے روزانہ چار گھنٹے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18فروری۔2015ء ) وفاقی حکومت نے پنجاب کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کیلئے روزانہ چار گھنٹے گیس بحال کر دی ہے جس کیلئے وزیراعظم محمد نوازشریف،وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف،وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار،وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی گیس شاہد خاقان عباسی اور وفاقی وزیر ٹیکسٹائل عباس خاں آفریدی کی کوششوں کو سراہتے ہیں اور ان سے درخواست کرتے ہیں کہ اگر پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات 13ارب ڈالر سے بڑھا کر 26ارب ڈالر تک بڑھانی ہے تو پنجاب کی ٹیکسٹائل ملوں کو بلا تعطل گیس اور بجلی فراہم کی جائے۔

ان خیالات کا اظہار اپٹما کے مرکزی چیئرمین ایس ایم تنویر اور گروپ لیڈر گوہر اعجاز نے اپٹما ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اپٹما کے چیئرمین نے وفاقی وزیرٹیکسٹائل کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نئی ٹیکسٹائل پالیسی سے ٹیکسٹائل انڈسٹری تیزی سے ترقی کرے گی اور ٹیکسٹائل کی برآمدات میں اضافہ ہو گا ۔انہوں نے بتایا کہ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث ملکی ٹیکسٹائل انڈسٹری بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔

بھارت سے سالانہ 30سے40ہزار ٹن یارن پاکستان آ رہا ہے جس سے مقامی انڈسٹری بند ہو رہی ہے اگر ٹیکسٹائل انڈسٹری کو 24گھنٹے بجلی اور گیس ملے تو بھارتی یارن درآمد کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی اور ملکی انڈسٹری ترقی کرے گی جس سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اپٹما گیس کی فراہمی کا مطالبہ اس لئے کرتا ہے کہ بجلی مہنگی اور گیس سستی ہے ۔

گیس کے استعمال سے انڈسٹری کی پیداواری لاگت کم آتی ہے جتنی پیداواری لاگت کم ہو گی انڈسٹری کی مصنوعات سستی ہونے سے عالمی منڈی میں دوسرے ممالک کی مصنوعات کا مقابلہ کر سکیں گی ۔بھارت نے اپنی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو پانچ سال کیلئے 400ارب روپے کی مراعات دی ہیں لیکن ہماری انڈسٹری کو کسی قسم کی مراعات نہیں مل رہیں ہم حکومت سے انڈسٹری کو 24گھنٹے بجلی اور گیس کی سپلائی مانگ رہے ہیں اگر ٹیکسٹائل انڈسٹری کو بلا تعطل گیس اور بجلی فراہم کر دی جائے تو نہ صرف ہم جی ایس پی پلس کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں بلکہ ٹیکسٹائل برآمدات دگنی کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :