لاہور: سرکاری افسر کی بیوی کا کمسن ملازمہ پر تشدد

جمعرات 19 فروری 2015 22:29

لاہور: سرکاری افسر کی بیوی کا کمسن ملازمہ پر تشدد

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19فروری۔2015ء) لاہور میں کم سن ملازمہ پر وحشیانہ تشدد کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا۔ ام رباب سے پہلے بھی معاشرتی ناانصافیوں کے شکار سیکڑوں معصوم ایسی ہی درندگی کا نشانہ بن چکے ہیں۔ کئی تو جان سے بھی ہاتھ دھو چکے لیکن ارباب اختیار کی آنکھ کبھی نہیں کھلی۔لاہور میں ام رباب سے پہلے بھی اس جیسے کئی معصوم ایسی ہی درندگی کا نشانہ بن چکے ہیں۔

(جاری ہے)

رواں سال ستائیس جنوری کو جوہر ٹاؤن میں شفقت نامی ملازمہ غضب کا نشانہ بنی اگلے ہی روز مسلم ٹاؤن میں تاجر کے گھر سے عنصر کو بازیاب کرایا گیا۔ گزشتہ سال اسی شہر میں عسکری نائن میں ارم اپنی مالکن کے تشدد سے جان کی بازی ہار چکی۔ ڈیفنس میں سلمان نامی پروفیسر نے اپنی ملازمہ کو تشدد کے ساتھ ساتھ مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بھی بنایا لیکن ارباب اختیار کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی واقعہ ہوتا ہے شور مچتا ہے بیانات آتے ہیں لیکن پھر خاموشی۔ جنوری دو ہزار چودہ میں پنجاب اسمبلی میں گھریلو ملازمین پر تشدد روکنے کا بل پیش ہوا لیکن ابھی تک قانون بنانیوالوں کی توجہ کا منتظر ہے۔ اسی شہر میں عالمی لیبر کانفرنس نے کئی اقدامات تجویز کئے لیکن عمل نہیں ہوا۔

متعلقہ عنوان :