عدالتی احکامات کی مسلسل خلاف ورزی و غیرقانونی طریقوں کا استعمال، وزارت ہاؤسنگ تعمیرات نے بااثر بیوروکریٹس کو نوازنے کیلئے اپنے نئے قواعد وضوابط مرتب کرلئے،

چیف کمشنر اسلام آباد کو سرکاری مکان آؤٹ آف ٹرن الاٹ کرنے کیلئے وفاقی وزیر اکرم درانی کی ہدایت پر نئے قواعد وضوابط ،ذوالفقار حیدر کو سیکٹر ایف سکس تھری کی گلی نمبر11کا مکان نمبر31ایچ الاٹ کردیا گیا انٹیلی جنس بیورو کے افسر عارف ندیم چوہدری کی الاٹمنٹ کو غیر قانونی طریقے سے منسوخ کردیاگیا

جمعرات 19 فروری 2015 23:07

عدالتی احکامات کی مسلسل خلاف ورزی و غیرقانونی طریقوں کا استعمال، وزارت ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19فروری۔2015ء) عدالتی احکامات کو روندنے کیلئے وزارت ہاؤسنگ تعمیرات بااثر بیوروکریٹس کو سرکاری مکانات کی الاٹمنٹ کیلئے مسلسل غیر قانونی طریقے اور غیر قانونی راستے استعمال کر رہی ہے۔چیف کمشنر اسلام آباد ذوالفقار حیدر کو سرکاری مکان آؤٹ آف ٹرن الاٹ کرنے کیلئے وفاقی وزیر اکرم درانی کی ہدایت پر وزارت ہاؤسنگ نے نئے قواعد وضوابط مرتب کئے اور انٹیلی جنس بیورو کے افسر عارف ندیم چوہدری کی الاٹمنٹ کو غیر قانونی طریقے سے منسوخ کردیاگیا۔

باوثوق ذرائع کے مطابق چیف کمشنر اسلام آباد ذوالفقار حیدر نے اپنے ایک دوستر سرجن کے ذریعے آؤٹ آف ٹرن مکان کی الاٹمنٹ کیلئے وزارت ہاؤسنگ کے افسران کو عدالت عظمیٰ کے حکم پر بنائے گئے قواعد وضوابط کو تبدیل کرنے پر مجبور کیا۔

(جاری ہے)

قانون کے مطابق وزارت ہاؤسنگ وتعمیرات بظاہر سنیارٹی کے اصول پر کاربند ہونے کا ڈھنڈورا پیٹتی ہے مگر چیف کمشنر اسلام آباد کیلئے رولز میں ترامیم کرکے غیر قانونی طور پر آئی سی ٹی پول ایجاد کرکے ذوالفقار حیدر کو سیکٹر ایف سکس تھری کی گلی نمبر11کا مکان نمبر31ایچ الاٹ کردیاگیا،حالانکہ پہلے یہ مکان انٹیلی جنس بیورو کے اہم افسر عارف ندیم چوہدری کو الاٹ ہوا اور انہوں نے عدالت سے حکم امتناعی بھی حاصل کر رکھا تھا مگر چیف کمشنر اسلام آباد ذوالفقار حیدر کے طاقتور عہدے کو دیکھتے ہوئے وزارت ہاؤسنگ کے ایک جوائنٹ سیکرٹری نے وفاقی وزیر اکرم درانی کے کہنے پر رولز میں تبدیلی کرڈالی اور عدالتی حکم کو نظر انداز کرکے مکان چیف کمشنر کو الاٹ کردیاگیا۔

آؤٹ آف ٹرن الاٹمنٹ کا یہ پہلا کیس نہیں ہے بلکہ کچھ عرصہ پہلے سابق اسٹیٹ آفیسر پیر اشرف نے پولی کلینک کی خاتون کی تاریخ پیدائش میں تبدیلی کرکے اسے مکان الاٹ کردیا اور بعد ازاں اس کے خلاف اختیارات سے تجاوز کا مقدمہ بھی درج ہوا ہے۔سرکاری مکانات کے حصول کیلئے درجنوں بیورو کریٹس کے درمیان اختیارات کی جنگ جاری ہے اور اب میجر ریٹائرڈ عارف ندیم چوہدری بھی چیف کمشنر اسلام آباد کیخلاف توہین عدالت کامقدمہ دائر کرنے کیلئے درخواست دائر کرنے جارہے ہیں۔اس حوالے سے چیف کمشنر اسلام آباد ذوالفقار حیدر کا مؤقف جاننے کیلئے رابطہ کیا گیا تو انکا موبائل اٹینڈ نہیں ہوسکا ۔

متعلقہ عنوان :