کینٹ بورد ٹیکسلا کاناجائز تجاوزات کیخلاف آپریشن ‘50سے زائد دکانوں کے بیرونی شیڈز مسمار کرد یئے

جمعرات 19 فروری 2015 23:17

ٹیکسلا( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19فروری۔2015ء)کینٹ بورد ٹیکسلا نے ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے ایچ آئی گیٹ نمبر5 کے سامنے واقع مولانا طفر علی خان روڈ پر پچاس سے زائد دکانوں کے بیرونی شیڈز مسمار کرد یئے،تاجروں نے کینٹ بورڈ کے آپریشن کے خلاف ضابطہ قرار دیتے ہوئے اسے مبینہ غنڈہ گردی قرار دیا مظاہرین نے کینٹ بورڈکے ظالمانہ اقدام پر احتجاج کرتے ہوئے ایچ آئی ٹی روڈ مسمار سامان رکھ کر بلاک کردیا،تاجروں کا کہنا تھا کہ انھیں آپریشن سے قبل زبانی یا تحریری کوئی نوٹس نہیں دیا گیا ۔

آپریشن اس وقت کیا گیا جب اکثردکانیں بند تھیں جنکا قیمتی سامان باہر موجود تھا آپریشن سے انکا لاکھوں روپے نقصان ہوا،تاجروں نے چئیرمین ایچ آئی ٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی کی جائے ، جنہوں نے رشوت نہ دینے پر غریب دکانداروں کو عتاب کا نشانہ بنایا ۔

(جاری ہے)

تاجرنمائندوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ وہ دس بارہ سالوں سے کاروبار کر رہے ہیں کینٹ بورڈ کو اس سے قبل یہ چیز نظر نہیں آئی ، انکا کہنا تھا کہ تجاوزات کی آڑ میں لوگوں کا لاکھوں روپے نقصان کیا گیا ، اگر ہماری شنوائی نہ ہوئی تو ہم انتہائی احتجاج پر مجبور ہونگے ،متاثرہ تاجروں نے میڈیا کو بتایا کہ اکثر دکانوں کے اوپر مکانوں میں لوگوں کی رہائش ہے اوپر جانے والی سیڑھیاں بھی توڑ دی گئیں ، جبکہ پچاس سے زائد دکانیں جن میں موبائل شاپس ، گوشت ، سبزی ، بیکری، کریانہ کولڈ ڈرنکس و دیگر دکانیں شامل ہیں جنہیں بری طرح مسمار کیا گیا جبکہ باہر رکھا قیمتی سامان جسکی مالیت لاکھوں روپے بنتی ہے توڑ پھوڑ کر کے ضائع کردیا گیا،کینٹ بورڈ کے نارا رویہ کے خلاف مذکورہ مارکیٹ کے تاجروں نے ظلم اور نا انصافی اور مبینہ غنڈہ گردی کے خلاف بھرپور احتجاج کیا اور ٹوٹا ہوا سامان روڈ پر رکھ کر روڈ بلاک کردی ، تاجروں نے کینٹ بورڈ حکام کے خلاف نعرے بازی بھی کی ،اور واقعہ میں ملوث اہلکاروں اور کینٹ ایگزیکٹیو آفیسر کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی کا مطالبہ کیا تاجروں کا کہنا تھا کہ کینٹ بورڈ اہلکار بھتہ وصول کرتے ہیں نہ دینے پر انھیں عتاب کا نشانہ بنایا جاتا ہے جس میں افسران بھی ملوث ہیں یہ تما م غیر قانونی کام افسران کی آشیر باد سے ہوتا ہے کرپٹ افسران نے غریب تاجروں کا جینا محال کر رکھا ہے ٹیکسلا میں رشوت کا بازار گرم ہے جو مٹھی گرم کرتا ہے اسے کچھ نہیں کہا جاتا ،تاجروں نے کینٹ بورڈ کے نارو ارویہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شٹر ڈاون ہرتال کی،تمام متاثرہ دکاندار دکانیں بند کر کے روڈ پر جمع ہوگئے اور کینٹ بورڈ کے ظالمانہ اقدام کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا،میڈیا کی جانب سے کینٹ بورڈ حکام سے رابطہ پر انھیں معلومات فراہم نہ کیں گئیں،