جی سی یونیورسٹی لارج سائز یونیورسٹیوں کی کیٹیگری میں شامل،

3برس میں طلباء کی تعداد میں دو گناہ اضافہ، مزید نئے پروگرامزشروع کریں گے‘وائس چانسلر

جمعہ 20 فروری 2015 19:35

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 20 فروری 2015ء ) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں طلباکی تعداد میں تین برس میں دو گنا اضافہ، ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی لارج سائز کیٹیگری میں شامل ۔قبل ازیں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے لاہور سمیت پاکستان بھر کی جامعات کی درجہ بندی کرنے کے لیے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کو میڈیم سائز یونیورسٹیز کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا تاہم جی سی یونیورسٹی میں گزشتہ تین سالوں میں طلباء کی تعداد چھ ہزار سے بڑھ کر گیارہ ہزار چھ سو تک پہنچ گئی ہے۔

نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کو لارج یونیورسٹیز کی کیٹیگری میں شامل کرنے کے بعد آئندہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی درجہ بندی میں یونیورسٹی کا شمار اسی فہرست میں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں تین سالوں میں ستائیس نئے پوسٹ گریجویٹ پروگرامز شروع کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے یونیورسٹی میں ایم اے ایم ایس سی، ایم فل اور پی ایچ ڈی میں داخلوں کی شرح میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

گورنمنٹ کالج کو دو ہزار دو میں یونیورسٹی کا درجہ دیا گیا تھا جس کے بعد پہلی بار جی سی یو کو سرکاری اور نجی یونیورسٹیوں کی فہرست میں لارج یونیورسٹی کا درجہ دیا گیا ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ضوابط کے مطابق طلباء کی تعداد سات ہزار سے بڑھ جانے پر متعلقہ یونیورسٹی کو لارج کیٹیگری میں شامل کیا جائے گا۔ وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ڈاکٹر خلیق الرحمن کا کہنا ہے کہ جی سی یو کو لارج کیٹیگری میں شامل ہونے سے اسے عالمی سطح پر بھی درجہ بندی میں پذیرائی ملے گی اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کا شمار پاکستان کی بڑی جامعات میں ہوگا۔ اُن کا کہنا ہے کہ مستقبل میں جی سی یونیورسٹی میں مزید نئے پروگرامز بھی شروع کیے جائیں گے۔