پاکستان میں رواں سال 77 لاکھ 60 ہزار ایکڑ رقبے پر کپاس کی کاشت،

ایک کروڑ 54 لاکھ 80 ہزار بیلز(170کلو گرام) کا پیداواری ہدف مختص

جمعہ 20 فروری 2015 20:59

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 20 فروری 2015ء) پاکستان میں رواں سال 77 لاکھ 60 ہزار ایکڑ رقبے پر کپاس کی کاشت جبکہ ایک کروڑ 54 لاکھ 80 ہزار بیلز(170کلو گرام) کا پیداواری ہدف مختص کیا گیا ہے جو کہ پچھلے سال کے مقابلے میں 3 لاکھ 80 ہزار بیلز کم ہے۔ چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا ہے کہ فیڈرل کاٹن کمیٹی کے گزشتہ روز اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں سال 2015-16 کے لئے پنجاب میں کپاس کی کاشت کا ہدف 60 لاکھ ایکڑ جبکہ پیداواری ہدف ایک کروڑ 5 لاکھ‘ سندھ میں کپاس کی کاشت کا ہدف 16 لاکھ 50 ہزار ایکڑ پیداواری ہدف 44 لاکھ بیلز‘ بلوچستان میں کپاس کی کاشت کا ہدف ایک لاکھ 5 ہزار ایکڑ‘ پیداواری ہدف 6 لاکھ بیلز جبکہ خیبرپختونخواہ میں کپاس کی کاشت کا ہدف 5 ہزار ایکڑ اور پیداواری ہدف 15 ہزار بیلز مختص کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ 2014 کیلئے فیڈرل کاٹن کمیٹی نے کپاس کا پیداواری ہدف ایک کروڑ 51 لاکھ بیلز مختص کیا تھا جسے بعد میں کاٹن کراپ اسسمنٹ کمیٹی نے دو مرتبہ تبدیل کرکے حتمی طور پر بعد میں ایک کروڑ 35 لاکھ بیلز مختص کیا تھا ،تاہم توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ 2014-15 کے دوران پاکستان میں کپاس کی مجموعی پیداوار ایک کروڑ 48 لاکھ بیلز کے لگ بھگ ہوگی۔سیکرٹری ٹیکسٹائل امیر مروت کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں پی سی سی سی کے نائب صدر ڈاکٹر خالد عبداللہ،ڈاکٹر محمد علی تالپور کے علاوہ محکمہ موسمیات،ارسا اور صوبائی محکمو زراعت کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :