اسلامی یونیورسٹی میں ایڈوانسڈ الیکٹرانکس لیبارٹریز پراجیکٹ کاافتتاح،

چیئرمین ایچ ای سے ڈاکٹر مختار احمد ، چیئرمین کے آر ایل اعجاز احمد نے نقاب کشائی کی

جمعہ 20 فروری 2015 22:14

اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 20 فروری 2015ء )بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں اسلامی ترقیاتی بینک کے تعاون سے ایڈوانسڈ الیکٹرانکس لیبارٹریز پراجیکٹ کا افتتاح گزشتہ روز چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد، چیئرمین کے آر ایل اعجاز احمد مختار نے کیا۔ ان لیبارٹریز کی تنصیب اسلامی ترقیاتی بنک کی معاونت سے ہوئی ہے اور یہ اسلامی یونیورسٹی میں پہلی بین الاقوامی سائنسی گرانٹ ہے۔

اس موقع پر ریکٹر اسلامی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی ، صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش ، نائب صدر اعلیٰ تعلیم و تحقیق ڈاکٹر طاہر منصوری، پرنسپل انوسٹیگیٹر سید احمد شجاع سمیت ڈینز ، ڈائریکٹر اور یونیورسٹی کے اعلیٰ عہدیدارں نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ ایڈوانس الیکٹرونکس کا شعبہ اس وقت معاشی ترقی کے لیے دنیا بھر نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے خوشی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی میں ایڈوانسڈ الیکٹرونکس میں ایم ایس اور پی ایچ ڈی کے پروگرام کا شروع کیا جانا انتہائی قابل قدر اقدام ہے۔ ان کا کہنا تھایونیورسٹی بین الاقوامی سطح پر سائنسی اور تحقیقی میدان میں نہایت تیزی سے پیش رفت کر رہی ہے ۔ چیئر مین کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ نے جامعات اور صنعت کے درمیان تعاون و روابط کو مستحکم کرنے کے لیے کئی اقدامات ہیں اور اس سلسلے میں ہائر ایجوکیشن کمیشن تکنیکی اہداف کو پورا کرنے ، پیش آمدہ مسائل کے حل اور نئے پروگراموں کے اجراء کے لیے اہم اقدام اٹھا رہی ہے۔

چیئرمین نے ڈاکٹر احمد شجاع کو لیب کی کامیاب تنصیب پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی بھرپور کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر اعجاز مختار نے کہا ایڈوانس الیکٹرانکس کا شعبہ تحقیقی میدان میں نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اس وقت دنیا بھر میں دفاعی اور صنعتی سطح پر بہت زیادہ تحقیقی کا م ہور ہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لیبارٹری کی سہولت تعلیمی اور پیشہ وارانہ سرگرمیوں کے لیے ایک بہترین ذریعہ ہو گی ،جس سے ٹیکنالوجی او ر علمی میدان میں بہترین ماہرین پیدا ہوں گے۔

چیئرمین کے آر ایل کا کہنا تھا کہ اسلامی یونیورسٹی پندرھویں ہجری کے پہلے دن معرض وجود میں آئی جو کہ نئی صدی میں مسلم امہ کے لیے امید اور روشن مستقبل کی ضامن ہے۔ چیئرمین کے آر ایل نے کہا اسلامی یونیورسٹی ساوٴتھ ایشیاء میں تفسیر،حدیث ، فقہ اور تقابل ادیان کے ساتھ ساتھ جدید علوم جن میں سوشل ، مینجمنٹ سائنسز ، اور انجینئرنگ جیسے شعبہ کا حسین امتزاج ہے۔

اعجاز مختار نے مزید کہا کہ جدید علوم خاص طور پر ٹیکنالوجی میں یونیورسٹی کی طرف سے کئے گئے اقدامات مسلم امہ کی بہتری اور خوشحالی کے لیے قابل قدر اضافہ ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر معصوم نے کہا کہ ایڈوانسڈ الیکٹرونک کے شعبے میں تحقیق اور تجربات کے لیے لیبارٹریز کا یہ پروجیکٹ نہ صرف یونیورسٹی بلکہ دوسرے قومی سائنسی اداروں کے لیے بھی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ کو آگے بڑھانے کے لیے مزید قومی اور بین الاقوامی اداروں کی معاونت درکار ہو گی۔ ڈاکٹر معصوم نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ یونیورسٹی کی یہ لیبارٹریز نہ صرف یونیورسٹی بلکہ عالمی سطح معاونت فراہم کرے۔ ڈاکٹر الدریویش نے کہا لیبارٹریز کا یہ پراجیکٹ درحقیقت ایک بڑی کامیابی ہے جو امہ کے نوجوان محققین کے لیے تحقیق و جستجو کا بہترین ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سائنس کا یہ شعبہ ملک و قوم کی ترقی میں نہایت اہمیت کا حامل ہے صدر جامعہ نے کہا پاکستان کی نوجوان نسل سائنسی میدان میں بھرپور محنت کر رہی اور ہم پوری کوشش کر رہے کہ ان ہر قسم جدید سہولیات فراہم کریں۔ ڈاکٹر احمد شجاع نے شرکاء کو لیبارٹری کے بارے میں مکمل بریفنگ دی اور اختتام پر ڈاکٹر طاہر منصوری نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیااور معزز مہمانوں کو یونیورسٹی کی طرف سے یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔