ملک کی معاشی ترقی ،معاشرتی خوشحالی کیلئے زرعی شعبے میں انقلابی اقدامات و اصلاحات لانا انتہائی ضروری ہے‘رانا محمد اقبال ،

مختصر عرصے میں ملکی معیشت میں بہتری کے ساتھ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوا ہے‘ قائمقام گورنر پنجاب کا تقریب سے خطاب

جمعہ 20 فروری 2015 23:17

لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 20 فروری 2015ء) قائمقام گورنر پنجاب رانا محمد اقبال نے کہا ہے کہ زراعت ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتی ہے ، ملک کی معاشی ترقی اور معاشرتی خوشحالی کے لیے زرعی شعبے میں انقلابی اقدامات اور اصلاحات لانا انتہائی ضروری ہے، موجودہ حکومت وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں نہ صرف زرعی پیداوار کو مزید بڑھانے میں کوشاں ہے بلکہ اس شعبہ تحقیق کو مزید وسعت دینے کے لیے عملی اقدامات بروئے کار لا رہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک مقامی ہوٹل لاہور میں ”باہو کیمیکل انڈسڑیز“ کی طرف سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔جس میں کاشتکار اور ماہرین حضرات کی ایک بڑی تعدادنے شرکت کی ۔تقریب میں ممبر زصوبائی اسمبلی رانا تجمل اور سیف الملوک کھوکھر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

قائم مقام گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں کھاد اور جراثیم کُش ادوایات کااستعمال زرعی پیداوار میں بنیادی حیثیت کا حامل ہے اور یہ امر خوش آئند ہے کہ ہماری زراعت سے وابستہ کیمیکل انڈسٹریز نہ صرف اس میں مزید بہتری لا رہی ہے بلکہ کسانوں کی تکنیکی پہلوؤں سے رہنمائی کے ساتھ ساتھ انہیں زمین کی ساخت کے اعتبار سے کھاد کے استعمال کے جدید طریقوں سے بھی آگاہ کیا جا رہا ہے۔

قائم مقام گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جب سے اقتدار سنھبالا تو ملک اقتصادی اعتبار سے خاصا مشکلات میں تھا، توانائی کے بحران نے ہر خاص و عام کو متاثر کیا ہوا تھا جبکہ معاشی اشاریئے بھی حوصلہ افزاء نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ مختصر عرصے میں ملکی معیشت میں نہ صرف بہتری آئی ہے بلکہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ قائم مقام گورنر پنجاب نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی خاص کرم نوازی ہے کہ اس نے ہمیں ہر قسم کے موسم سے نوازا ہوا ہے ، یہاں کی زمین سونا اگلتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کاشتکاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لئے اپنے تمام تر وسائل کو یقینی بنارہی ہے تاکہ حقیقی معنوں میں کسانوں کی زندگی میں خوشحالی لائی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :