آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ناگزیر ہو چکا ہے‘ 1991ء کے بعد تاحال بلدیاتی انتخابات کا نہ ہونا جمہوریت کے ساتھ بدترین مذاق ہے‘ بلدیاتی انتخابات کے بغیر جمہوریت بے معنی ہے‘حکومت کو عوامی مسائل کے حل سے دلچسپی ہے تو آزادکشمیر میں فوری بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا اعلان کرے

ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر، جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی محمد طاہر کھوکھر کی مختلف وفود سے بات چیت

ہفتہ 21 فروری 2015 15:58

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21فروی 2015ء) ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر، جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی محمد طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ناگزیر ہو چکا ہے۔ 1991ء کے بعد تاحال بلدیاتی انتخابات کا نہ ہونا جمہوریت کے ساتھ بدترین مذاق ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے بغیر جمہوریت بے معنی ہے۔ اگر حکومت کو عوامی مسائل کے حل سے دلچسپی ہے تو آزادکشمیر میں فوری بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا اعلان کیا جائے تا کہ گراس روٹ لیول پر عوام اپنے نمائندے منتخب کریں اور نئی قیادت سامنے آ سکے۔

سول سوسائٹی کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر، جوائنٹ انچارج صوبائی تنظیمی کمیٹی محمد طاہر کھوکھر نے کہا کہ ایک عام آدمی تک جمہوریت کے ثمرات پہنچانے کا بہترین راستہ بلدیاتی انتخابات ہیں۔

(جاری ہے)

آج پورا آزادکشمیر مسائلستان بنا ہوا ہے۔ دیہی علاقوں میں سڑکوں کا کوئی حال نہیں۔ بجلی کی سپلائی تعطل کا شکار رہتی ہے۔

واٹر سپلائی سکیمیں بند پڑی ہیں۔ عوام کو برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹس کے لیے بھی ذلیل ہونا پڑتا ہے۔ دوسری جانب شہریوں میں گلی محلے گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ عوام متعدد مسائل کا شکار ہیں۔ بلدیاتی ادارے فعال نہ ہونے اور اختیارات کی مرکزیت کے باعث عوام کے لیے جینا دوبھر ہو چکا ہے۔ جمہوریت کے ثمرات صرف مختلف عوامی نمائندوں کے قریبی عزیزوں، دوستوں اور رشتہ داروں تک محدود ہیں ۔

لہذٰا آزادکشمیر میں اگر حکومت اور سیاسی جماعتیں عوام کے مسائل میں دلچسپی رکھتی ہیں اور انہیں سہولت دینا چاہتی ہیں تو بلدیاتی انتخابات منعقد کروائیں اور اختیارات نچلی سطح پر بلدیاتی نمائندوں کو منتقل کیے جائیں۔ ایم ایل اے فنڈز سمیت ترقیاتی بجٹ بلدیاتی اداروں کو منتقل کیا جائے تا کہ عوام کے ووٹوں سے منتخب نمائندے اپنے دیہات اور گلی محلے میں عوام کی ضرورت کے مطابق کام کروا سکیں کیونکہ اس وقت دارالحکومت کے اےئر کنڈیشنڈ دفاتر میں بیٹھی بیوروکریسی زمینی حقائق سے بے خبر رہتے ہوئے سالانہ کروڑوں کے فضول منصوبے بنا کر خزانہ چاٹ رہی ہے اور اس کا عوام کو کوئی فائدہ نہیں۔

طاہر کھوکھر نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات ایک آئینی ضرورت بھی ہیں۔ اس میں روڑے اٹکانے والے عناصر خود کو جمہوریت کا علمبردار کہتے ہیں لیکن عوام سے خائف ہیں۔ وہ نہیں چاہتے کہ گلی محلوں سے عوام کے ووٹوں سے منتخب ہو کر نئی قیادت سامنے آئے۔ اس طرح ان کی سیاسی دکانداری ختم ہو جائے گی لیکن اب عوام کو زیر گراں نہیں کیا جا سکتا ۔ طاہر کھوکھر نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے منتخب نمائندوں سے یونین کونسل سطح کے انتخابات کا مطالبہ کریں اور اپنے بنیادی حقوق کے لیے اٹھ کھڑے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم یہ سمجھتی ہے کہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے بغیر عوامی مسائل حل نہیں ہو سکتے اور نہ ہی جمہوریت کے ثمرات ایک عام آدمی تک پہنچ سکتے ہیں اور یہ آئین کی بھی ضرورت ہے۔ اس لیے ایم کیو ایم پورے آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے لیے مہم شروع کر رہی ہے اور بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے بغیر ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔