پُرامن افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے،پروفیسر محمد ابراہیم

ہفتہ 21 فروری 2015 17:32

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21فروی 2015ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخو اپروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہاہے کہ پاکستان میں امن تب ہی قائم ہوگا جب افغانستان میں امن ہوگا۔امن کے قیام کے لئے کوششیں کی جانی چاہئیں۔ سینیٹ انتخابات میں ممبران میرٹ کا خیال رکھیں جماعت اسلامی ہارس ٹریڈنگ کے خلاف ہے۔ ملک میں قاتل دندناتے پھر رہے ہیں اور اقدام قتل کے مجرموں کو پھانسی پر لٹکایا جارہا ہے۔

حکومت قاتلوں کو بھی پھانسی دے۔ سانحہ بلدیہ کراچی پر جے آئی ٹی کی رپورٹ نے ثابت کردیا کہ ایم کیو ایم ہی سینکڑوں مزدورں کی قاتل ہے۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں ملک کو انشاء اللہ اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چارسدہ کی تحصیل شبقدر کے علاقے کتوزئی میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں مسلم لیگ ن کے ضلعی رہنما اور سابق امیدوار PK21محترم شاہ عرف شاہ جی نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع چارسدہ کے امیر مصباح اللہ، سابق امیر ضلع مولانا عبدالمستعان اور شباب ملی کے ضلعی صدر قاری شاہ حسین بھی موجود تھے۔پروفیسر محمد ابراہیم خان نے محترم شاہ کو جماعت اسلامی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

پروفیسر محمد ابراہیم خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پُرامن افغانستان سب کے مفاد میں ہے۔افغانستان کا امن امریکہ کے مکمل انخلاء اور افغان عوام اور وہاں برسرپیکار گروپوں کو ایک میز پر بٹھانے اور ان کے لئے ایک لائحہ عمل مرتب کرنے سے ممکن ہے۔تمام مسائل کی جڑ امریکہ ہے،اگر امریکہ سے دوستی ختم کردی تو تمام مسائل حل ہوجائیں گے۔پاکستان، ایران اور ترکی افغانستان میں امن کے قیام اور تمام گروپوں کو ایک پلیٹ فارم پر لائیں اوربین الافغانی مذاکرے کا اہتمام کریں۔

افغانوں کے تمام مسائل کا حل ان کے مل بیٹھ کر مذاکرات کرنے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی نشست کے حصول کے لئے پیسے کے استعمال کا راستہ روکنا ہوگا۔ ممبران اسمبلی میرٹ کا خیال رکھتے ہوئے ایماندار اور دیانتدار افراد کو سینیٹ کے لئے منتخب کریں۔ پورے ملک کی صوبائی اسمبلیوں کے ممبران سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ میرٹ پر اپنے ووٹ کا استعمال کریں ۔

انہوں نے کہا کہ حکیم سعید کا قاتل پرویز مشرف کے دور سے گورنر ہاوٴس میں بیٹھا ہوا ہے۔ اس ملک میں بے گناہوں کو تو پھانسی پر چڑھا دیا جاتا ہے لیکن قاتلوں کو محفوظ راستہ دیا جاتا ہے اور انہیں بڑے بڑے عہدے دئیے جاتے ہیں۔ کراچی کے علاقے بلدیہ کی فیکٹری میں حکومتی اداروں کی رپورٹ نے واضح طور پر ایم کیو ایم کو اس سانحے اور سینکڑوں انسانوں کو زندہ جلانے کا ذمہ دار ٹہرایا ہے۔

حکومت ایم کیو ایم پر پابندی لگا کر ان کے خلاف سخت ایکشن لے۔ کراچی کو خون سے رنگین کرنے اور وہاں دہشت گردی اور قتل و غارت گری کا بازار گرم کرنے کی ذمہ دار بھی ایم کیو ایم ہے۔ حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ایم کیو ایم کے غنڈوں اور قاتلوں کو پکڑے اور انہیں پھانسی پر لٹکا دے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مقصد روئے زمین پر حکومت الہیہ کا قیام ہے۔مرکزی امیر سراج الحق کی قیادت میں جماعت اسلامی کے کارکن ملک کو اسلامی پاکستان ۔۔۔خوشحال پاکستان بنا کر دم لیں گے

متعلقہ عنوان :