رکن قومی اسمبلی ملک رشید احمد خاں کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس،

ضلع بھر میں جاری ترقیاتی کاموں ،امن وامان کی صورتحال ، کسانوں کو گنے کی فورا ادائیگی ، نہروں کی بھل صفائی ، کھادوں ، بیجوں کی بروقت دستیابی ، واپڈا کی اووربلنگ اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا جائزہ لیا گیا اور متعلقہ افسران کو اپنی اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی

ہفتہ 21 فروری 2015 20:54

قصور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 21 فروری 2015ء) رکن قومی اسمبلی ملک رشید احمد خاں کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز ڈی سی او کمیٹی روم میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ڈی سی اوقصور عدنان ارشد اولکھ ،ڈی پی او رائے بابر سعید ، ایم این ایزشیخ وسیم اختر ،چوہدری سلمان حنیف ، ایم پی ایز ملک احمد سعید خاں ،حاجی نعیم صفدر انصاری ،محمد انیس قریشی ،محمود انور چوہدری ،ای ڈی او فنانس ڈاکٹر ظفر اقبال شاکر ،ای ڈی او ورکس اینڈ سروسز شاہد کمال ، ای ڈی او زراعت چوہدری بشیر احمد ، ای ڈی او ایجو کیشن ذوالفقار علی ، اسسٹنٹ کمشنر قصور وردہ مشہود شورش، اے سی پتوکی محمد نواز گوندل ، ڈی او سی چوہدری محمد رفیق ،ڈی او پلاننگ محمد مصدق وٹو خاں ، ایکسئین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ناصر اقبال ، ایس ڈی او پروانشل بلڈنگ محمد ارشد، ایکسئین اریگیشن محمد عارف، ایس ڈی او پروانشل ہائی وے معظم جعفری اور دیگر ضلعی افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ضلع بھر میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا گیا اورزیر تعمیر جاری ترقیاتی کام جلد از جلد مکمل کرنے اور نئے منصوبہ جات کو حتمی شکل دی گئی ۔ اس موقع پر ڈی پی او قصور نے اجلاس کو سیکورٹی ،دہشتگردی کے حوالے سے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ، پنجاب ساؤنڈ سسٹم ریگولیشن آرڈینیس پر عملدرآمد ،خطرناک ملزمان سے ریکوری اور اشتہاری ملزمان کیخلاف کاروائی بارے مکمل بریفنگ دی ۔

اجلاس میں کسانوں کو گنے کی فوراًادائیگی اور بقایا جات جلد از جلد ادا کرنے کی ہدایت کی گئی اور ایسا نہ کرنیوالوں کے خلاف قانون کیمطابق سخت کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی گئی جس پر شوگر ملز کے نمائندوں نے گنے کی ادائیگی کو جلد از جلد کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ اجلاس میں نہر وں کی بھل صفائی اور ٹیلوں تک پانی کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ افسران کو ضلع بھر کے منظور شدہ پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے ،پانی کی چوری کو روکنے اور ذمہ داروں کیخلاف سخت کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی گئی۔

اس کے علاوہ کھادوں اور بیجوں کی بروقت دستیابی کا جائزہ بھی لیا گیا اور ملاوٹ والی کھاد فروخت کرنیوالوں کے خلاف سخت ایکشن لینے اور کھاد کی مقررہ قیمت بوری پر درج کروانے کی ہدایت کی گئی ۔اجلاس میں محکمہ واپڈا کو اووربلنگ ، غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے، پرانے کھمبے اور تاریں تبدیل کرنے کی ہدایت کی گئی جس پر ایس ای واپڈا نے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔اجلاس کے آخر پر تمام افسران کو اپنی اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی ۔