عوام سوائن فلو سے پریشانی کی بجائے احتیاطی تدابیر اختیار کریں‘سید علی گیلانی

عوام کو اس آفت کا مقابلہ اْسی ہمت اور حوصلے کیساتھ کریں جس کا مظاہرہ انہوں نے تباہ کْن سیلاب کے بعد کیا تھا ڈاکٹر کی فراہم کردہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ ساتھ اللہ تبارک وتعالیٰ کے حضور میں خصوصی دعاوٴں کا اہتمام کیا جائے

اتوار 22 فروری 2015 12:41

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 22فروری 2015ء) بزرگ کشمیری رہنماء سید علی گیلانی نے جموں کشمیر میں سوائن فلو کے نتیجے میں ہونے والی اموات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پریشانی کا شکار ہونے کی بجائے ڈاکٹروں کی طرف سے فراہم کی جارہی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کے ساتھ ساتھ اللہ تبارک وتعالیٰ کے حضور میں خصوصی دعاوٴں کا اہتمام کریں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو اس آفت کا مقابلہ اْسی ہمت اور حوصلے کے ساتھ کرنا چاہئے جس کا مظاہرہ انہوں نے تباہ کْن سیلاب کے بعد کیا تھا اور امداد باہمی کے جذبے کے تحت ایک دوسرے کا ہاتھ تھاما تھا۔ ایک بیان میں سید علی گیلانی نے کہا کہ سب سے زیادہ ذمہ داری ڈاکٹروں پر عائد ہوتی ہے اور امید ہے کہ وہ اس ذمہ داری کو احسن طریقے سے پورا کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس بیماری کے حوالے سے عوام کو کسی بھی طرح کے اندھیرے میں نہیں رکھا جانا چاہئے اور انہیں وقت وقت پر تمام حقائق کی جانکاری فراہم کی جانی چاہئے۔سید علی گیلانی کے مطابق لوگ اس بیماری کی وجوہات، کوائف اور نتائج سے پوری طرح باخبر ہوں گے تو جب ہی اس کا بہتر طریقے سے مقابلہ کرسکیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اس بیماری کے نتیجے میں پیدا ہوئی صورتحال کو بڑھا چڑھاکر پیش نہیں کرنا چاہئے اور نہ ہی اصل حقائق پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی جانی چاہئے۔

گیلانی نے ڈاکٹروں کی طرف سے ہیلپ لائین قائم کرنے کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ ریاست میں آئے تباہ کْن سیلاب کی بات ہو یا سوائن فلو کی پھیلنے کا معاملہ ہو، ریاستی سرکار ایسے تمام مواقع پر غفلت شعاری اور لاپرواہی سے کام لیتی ہے۔ ایسے مواقع پر غیر سرکاری انجمنوں اور تنظیموں کا کام ہی زیادہ نمایا ں اور مثبت ہوتا ہے اور لوگوں کو راحت پہنچانے کے حوالے سے وہ زیادہ نتیجہ خیز ثابت ہوتا ہے۔ گیلانی نے سوائن فلو سے مرنے والے تمام لوگوں کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کے ساتھ ساتھ ا? تبارک وتعالیٰ کے حضور میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام بھی کریں کہ وہ ہماری قوم کو اس آفت سے نجات فراہم کرے۔

متعلقہ عنوان :