سرینگر ‘مزید 13افراد سوائن فلو میں مبتلا ہوگئے، تعداد 109 تک پہنچ گئی

او پی ڈی میں 283 افراد کا طبی معائنہ عمل میں لایا گیا ، جن میں سے 50 بیماروں کے نمونے لئے گئے

اتوار 22 فروری 2015 12:41

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔ 22فروری 2015ء) مقبوضہ کشمیر میں مزید13افراد میں سوائن فلو کی تصدیق ہو نے کے ساتھ ہی وادی میں اس بیماری میں مبتلا افراد کی مجموعی تعداد109 تک پہنچ گئی ہے ۔ صورہ اسپتال کے آئیسولیشن وارڈمیں داخل 13مریضوں میں سے 6 کی حالت بہتر ہوگئی ہے جس کے بعد ان کو اسپتال سے رخصت کر دیا گیا ہے اور اس طرح اب اسپتال میں صرف 7مریض ہی زیر علاج ہیں ۔

اسپتال انتظامیہ نے عوام کیلئے ایک ہیلپ لائن قائم کرنے کے ساتھ ساتھ یہ ہدایت بھی جاری کی ہے کہ لوگ اسپتالوں کا رخ غیر ضروری طور نہ کریں۔ ان باتوں کی تصدیق کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ سکمز ڈاکٹر فاروق جان نے کی ۔ ڈاکٹر جان کا کہنا تھاکہ سنیچر کو کسی کے مرنے کی کوئی اطلاع نہیں ہے اور اب بھی سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مہلوکین کی تعداد4 ہی ہے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فاروق جان نے بتایا کہ سنیچر کے روز انسٹی چیوٹ کی سرائے میں قائم مخصوص او پی ڈی میں 283 افراد کا طبی معائنہ عمل میں لایا گیا ، جن میں سے 50 بیماروں کے نمونے لئے گئے اور ان میں سے 13 افراد میں سوائن فلو پایا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ جو 13 افراد سوائن فلو میں مبتلاء ہونے کی وجہ سے آئیسولیشن وارڈ میں زیر علاج تھے ، ان میں سے ہفتہ کے روز 6 مریضوں کو رخصت کیا گیا جبکہ باقی 7 افراد میڈیکل انسٹی چیوٹ کے خصوصی وارڈ میں ابھی بھی زیر علاج ہیں ۔ ڈاکٹر فاروق جان کاکہنا تھا کہ یہاں قائم مخصوص وارڈ میں سوائن فلو میں مبتلاء ایک خاتون وینٹی لیٹر پر رکھی گئی ہے اور اس کا علاج جاری ہے ۔

متعلقہ عنوان :