مقبوضہ کشمیر:رفیع آباد میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو حریت رہنماؤں کا خراج عقیدت

پیر 23 فروری 2015 15:06

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23فروی 2015ء) مقبوضہ کشمیر میں مختلف حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے ضلع بارہمولہ کے علاقے رفیع آباد میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے دو نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر حل نہ ہونے کی وجہ سے جموں وکشمیر میں مسلسل قیمتی انسانی جانیں ضائع ہورہی ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر سے جاری ایک بیان میں سید علی گیلانی کی زیر قیادت فورم نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کی غیریقینی سیاسی صورتحال میں روزبروز اضافہ ہورہا ہے۔

فورم کا کہنا ہے کہ خون خرابے سے کوئی ذی شعور شخص خوش نہیں ہوسکتا ہے لیکن جب تک بھارتی حکمران مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنی ضد اور ہٹ دھرمی ترک کرکے حقیقت پسندانہ رویہ اختیار نہیں کریں گے اور مسئلہ کشمیر کو اس کے تاریخی پس منظر میں حل کرنے کے لیے لچک کا مظاہرہ نہیں کریں گے، علاقے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔

(جاری ہے)

ادھر حریت رہنماؤں مشتاق الاسلام، شبیر احمد ڈار ، محمد یوسف نقاش اور محمد اقبال میر نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حریت پسند نوجوانوں کی شہادت سے کشمیریوں کا جدوجہد آزادی جاری رکھنے کا عزم اور زیادہ مضبوط ہواہے۔

انہوں نے کہا کہ قربانیاں ہر تحریک کا حصہ ہوتی ہیں اور شہداء کی بے مثال قربانیاں تحریک آزادی کشمیر کااثاثہ ہیں جن کی بدولت کشمیری قوم بہت جلد اپنی منزل حاصل کر لے گی ۔حریت رہنماؤں نے کہاکہ شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی رائیگان نہیں جانے دیا جائے گا اورحصول مقصد تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی ۔ مسلم دینی محاذ کے ترجمان نے شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک آزادی کی حمایت میں کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ترجمان نے دھوبی پورہ گاندربل کے طارق الاسلام کی بھارتی شہر حیدر آباد میں مشتبہ موت اور بدرہر ہندوارہ کے نصیر احمد نجار کی بھارتی ریاست ہریانہ میں گمشد گی پر تشویش کا اظہار کیاہے۔

متعلقہ عنوان :