سانحہ کنن پوشہ پورہ میں ملوث بھارتی فوجی آج بھی آزاد گھوم رہے ہیں۔۔۔ ڈیموکریٹک پولٹیکل موومنٹ

پیر 23 فروری 2015 15:10

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23فروی 2015ء) مقبوضہ کشمیرمیں جموں وکشمیر ڈیموکریٹک پولٹیکل موومنٹ نے سانحہ کنن پوشہ پورہ کو 24برس مکمل ہونے کے موقع پر کہاہے کہ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں اجتماعی بے حرمتی کا نشانہ بننے والی خواتین آج بھی انصاف کی منتظر ہیں ۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ڈیموکریٹک پولٹیکل موومنٹ جنرل سکریٹری ایڈوکیٹ محمد شفیع ریشی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کشمیری خواتین کے عزم وحوصلے اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصہ گزرجانے کے باوجود بھی اس سانحہ میں ملوث فوجیوں کو آج تک عدالت کے کٹہرے میں نہیں لایا گیا ۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی فوجیوں نے جس درندگی اور سفاکیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے درجنوں کشمیری خواتین کی بے حرمتی کی اس کی مثال موجودہ انسانی تاریخ میں نہیں ملتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے انسانی حقوق کے اداروں سے اپیل کی کہ وہ اس سانحہ میں ملوث فوجیوں کے خلاف سخت کارروائی کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھائیں تاکہ متاثرہ خواتین کو انصاف مل سکے میں مستقبل میں اس طرح کے واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی انتقام کانشانہ بنانے کیلئے کشمیریوں کو ظلم و تشدد اور قتل عام کانشانہ بنایا جارہا ہے۔محمد شفیع ریشی نے غیرقانونی طورپر نظر بند تمام سیاسی قائدین اورکارکنوں کی فوری رہائی کامطالبہ دوہراتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکام اور اس کے مقامی آلہ کار اظہار رائے پر قدغن عائد کرکے خود اپنی وضع کردہ جمہوریت کے اصولوں کی بیخ کنی کررہے ہیں۔