بھارت مذموم ہتھکنڈے استعمال کرکے کشمیریوں کے دلوں سے جذبہ آزادی نہیں نکال سکتا ،مسلم لیگ

منگل 24 فروری 2015 16:21

سرینگر (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔24 فروری 2015) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیرمسلم لیگ نے کہا ہے کہ بھارت مذموم ہتھکنڈے استعمال کرکے کشمیری حریت پسندوں کے حوصلوں کو توڑسکتا ہے اور نہ ان کے دلوں سے جذبہ آزادی کو نکال سکتا ہے ۔ سرینگر سے جاری ایک بیان میں مسلم لیگ کے ترجما ن محمد رفیق گنائی نے کہا کہ ان کے پارٹی رہنما محمد رفیق رعنا کے گھر پر بھارتی پولیس کی ٹاسک فورس نے چھاپہ مارا اور ان کو اپنے ساتھ کیمپ پر لے گئے جبکہ پولیس اہلکاروں نے ان کے اہل خانہ کو ہراساں کیا۔

انہوں نے کہا کہ محمد رفیق رعنا کو کیمپ پر ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔انہوں نے پولیس ٹاسک فورس کی اس کاروائی کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے اسکی شدید مذمت کی ہے۔پارٹی ترجمان نے سانحہ کنن پوش پورہ کے 24 سال مکمل ہونے پر متاثرین کو انصاف نہ ملنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ جب تک جموں وکشمیر پر بھارت کا ناجائز قبضہ موجود رہے گا ایسے واقعات رونما ہوتے رہیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو بھارتی اداروں سے انصاف ملنے کی کوئی امید نہیں رکھنی چاہیے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ یکسو ہوکر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔ مسلم لیگ کے ترجمان نے گاندر بل سے تعلق رکھنے والے سکالر طارق الاسلام کی بھارتی شہر میں پراسرار موت پر افسوس اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :