مصر میں کیک کی بدتعریفی پر بیوی نے شوہر قتل کر دیا

بدھ 25 فروری 2015 16:16

مصر میں کیک کی بدتعریفی پر بیوی نے شوہر قتل کر دیا

قاہرہ(اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔25 فروری 2015) مصر میں ایک خاتون نے اپنے ہاتھ سے بنائے گئے گھریلو کیک کی بدتعریفی کرنے پر شوہر کی جان لے لی۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی قاہرہ کے بنی سویف پولیس سینٹر کو ایک اسپتال کی جانب سے اطلاع دی گئی کہ ایک شخص کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا ہے جسے مبینہ طور پر تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا ہے۔ پولیس نے میت کی شناخت مصطفیٰ جاد نامی ایک عام مزدور کے طور پر کرنے کے بعد اس کے گھر پر چھاپہ مار کر اس کی بیوی ھالہ طہ کو گرفتار کر لیا۔

پوچھ تاچھ کے دوران خاتون نے اعتراف کیا اس نے اپنے شوہر کے سامنے گھر میں تیارکردہ ایک دیسی کیک 'بسبوسہ' پیش کیا۔ تھال میں رکھے کیک کو کاٹتے ہوئے میں نے شوہر سے پوچھا کہ ”بتاؤ کیسا بنا ہے؟“۔

(جاری ہے)

اس نے تفنن طبع کے طور پر کہا کہ ’کیک ٹھیک نہیں بنا ہے‘۔ اس پر میں نے وْہی چھری شوہر کے پیٹ میں گھونپ دی جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہو گئی۔

پولیس کو بیان دیتے ہوئے ھالہ کا کہنا تھا کہ چھری سے حملہ کرتے ہوئے اسے شوہر کو قتل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔ شوہر نے میرے کیک کو مزاح میں بْرا کہا جس کے جواب میں میں نے بھی مذاقاً اسے چھری گھونپ دی۔خاتون نے بتایا کہ چھری کا وار کرنے کے بعد میں ڈر گئی اور مدد کے لیے پڑوسیوں کو آواز دی۔ وہ شوہر کو زخمی حالت میں اسپتال لے گئے لیکن اسپتال پہنچتے ہی وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس کو خاتون کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :