Live Updates

تحریک انصاف کے جلسہ کی تیاریاں مکمل ہو چکیں ، آسیہ رفیق ایڈووکیٹ

بدھ 25 فروری 2015 16:41

مظفر آباد (اردپوائنٹ۔تازہ ترین اخبار ۔25 فروری 2015) تحریک انصاف خواتین ونگ آزادکشمیر کی صدر آسیہ رفیق ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے جلسہ کی تیاریاں مکمل ہو چکیں ۔تمام تر پروگراموں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔آزادکشمیر بھر سے کارکنوں کے قافلے جلسہ میں شرکت کریں گے جبکہ خواتین بھی ایک بڑی تعداد شریک ہونگی۔آج کا سورج آزادخطہ میں تبدیلی کی نوید لے کر طلوع ہوا ہے۔

کشمیریوں کی تقدیر بدلنے والی ہے۔کشمیریوں نے تحریک انصاف کو نجات دہندہ مان لیا اب کوئی طاقت کشمیریوں کو انکے حقوق سے محروم نہیں رکھ سکتی۔حکمران تیار ہو جائیں وقت حساب آچکا ہے۔وہ بدھ کو تحریک انصاف کے جلسہ کے حوالہ سے منعقدہ کارکنوں کے ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ مظفرآباد شہر کو خیرمقدمی بینرز اور پینا فلیکس کے ساتھ دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے اور مرکزی قائدین کا فقید المثال استقبال کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

آسیہ رفیق نے کہا کہ کارکن مرکزی قائدین کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔ عوام کا سمندر آج اپر اڈہ میں قائدین کا خطاب سننے کے لیے آئے گاجس میں خواتین کی ایک بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام کو سمجھ آچکی ہے کہ کرپٹ اور مفاد پرست حکمران اپنی باریاں لینے میں مصرف ہیں انہیں عوام کے مفادسے کوئی سروکار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملازمین آج سڑکوں پر ہیں کیونکہ انکا استحصال ہو رہا ہے حکمران مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔تحریک انصاف آزادکشمیر کی سیاست میں ایک نئی تاریخ رقم کرنے جا رہی ہے جس کے لیے عوام عمران خان اور بیرسٹرسلطان محمود کا ساتھ دیں۔انہوں نے کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ جلسہ کو پرامن اور منظم رکھنے کے لیے بھرپور کام کریں اور خواتین کو جلسہ گاہ تک پہنچانے اور انکے بیٹھنے کے لیے معقوم انتظام کریں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات