سندھ اسمبلی میں پبلک اکاوٴنٹس کمیٹی کا اجلاس ،محکمہ زراعت کے مالی سال 2008-09کے حسابات کا جائزہ لیا گیا،

کمیٹی کے چیئرمین سلیم جلبانی کا محکمہ زراعت کی جانب سے قواعد و ضوابط کے برعکس اخراجات کرنے پر سخت برہمی کا اظہار

جمعرات 26 فروری 2015 19:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26فروری 2015ء) سندھ اسمبلی میں پبلک اکاوٴنٹس کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو سندھ اسمبلی بلڈنگ کے کمیٹی روم نمبر 1میں منعقد ہوا ۔اجلاس کی صدارت پبلک اکاوٴنٹس کمیٹی کے چیئرمین سلیم جلبانی نے کی ۔اجلاس میں محکمہ زراعت کے مالی سال 2008-09کے حسابات کا جائزہ لیا گیا ۔آڈٹ حکام نے اجلاس کو بتایا کہ محکمہ زراعت نے خلاف ضابطہ مختلف اخراجات کی مد میں 4کروڑ 40لاکھ روپے سے زائد کی رقم خرچ کی ہے اور ان اخراجات کے دوران حکومتی قوانین کو نظرانداز کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں محکمہ زراعت کے مذکورہ مالی سال 8پیراز کا جائزہ لیا گیا ،جس میں 2کروڑ 30لاکھ روپے سے زائد کے 4آڈٹ پیراز کو کلیئر قرار دے دیا گیا ۔جبکہ دیگر 4پیراز کو سب کمیٹی کے حوالے کردیا گیا ۔اس موقع پر کمیٹی کے چیئرمین سلیم جلبانی نے محکمہ زراعت کی جانب سے قواعد و ضوابط کے برعکس اخراجات کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ جو ادارہ قواعد و ضوابط کے برعکس اخراجات کرے گا، اس سے نہ صرف جواب طلبی کی جائے گی بلکہ اسے قانون کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑے گا ۔انہوں نے محکمہ زراعت کو ہدایت کی کہ سب کمیٹی کے حوالے کیے گئے پیراز کا مکمل ریکارڈ آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :